اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہوکی پارٹی کوریکارڈ پانچویں بارکامیابی، وزیراعظم بننےکا راستہ ہموار
مقامی اخبار’ٹائمس آف اسرائیل‘ نے بتایا کہ نیتن یاہو کی پارٹی ’لیکوڈ‘ نے 26.28 فیصد ووٹوں کے ساتھ 35 سیٹوں پرجیت حاصل کی ہے۔
- News18 Urdu
- Last Updated: Apr 10, 2019 11:44 PM IST

اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو نے ریکارڈ پانچویں بار جیت حاصل کی۔
یروشلم: اسرائیل کے عام انتخابات میں وزیراعظم بنجامن نیتن یاہوکی قیادت والی دائیں بازو کی اتحاد نے پارلیمنٹ (کنیست) کی کل 120 سیٹوں میں سے 65 سیٹیں جیت حاصل کرلی ہے اوراس کے ساتھ ہی نیتن یاہو کے ایک بارپھروزیراعظم بننے کا راستہ صاف ہوگیا۔ مقامی اخبار’ٹائمس آف اسرائیل‘ نے بتایا کہ نیتن یاہو کی پارٹی ’لیکوڈ‘ نے 26.28 فیصد ووٹوں کے ساتھ 35 سیٹوں پرجیت حاصل کی ہے۔
وہیں اہم اپوزیشن پارٹی ’بلیو اینڈ وائٹ‘ کے بھی 25.97 فیصد ووٹوں کے ساتھ 35 سیٹیں جیت لینےکے بعد دونوں پارٹیوں کے درمیان مقابلہ برابری پرآگیا ہے، لیکن دائیں بازواتحاد کےاکثریت حاصل کرلینے کی وجہ سے نیتن یاہو کی قیادت میں اتحاد کی حکومت کا بننا تقریباً طے ہوگیا۔ 2003 کے الیکشن کے بعدلیکوڈ پارٹی کے یہ سب سے بہترین مظاہرہ ہے۔
قبل ازیں پارٹی نے 2003 کے الیکشن میں ایریل شیرون کی قیادت میں 38 سیٹیں جیتی تھیں۔
وہیں ’عزرائیل بیتینو‘ اور’یونین آف رائٹ ونگ پارٹیز‘ نے 5-5 سیٹوں پرجیت حاصل کی ہے۔ وزیرخزانہ موشے کہلون کی ’کولانو‘ نے چارسیٹیں جیتی ہیں۔ قابل ذکرہےکہ نیتن یاہو اگرپانچویں بار وزیراعظم بنتے ہیں تو وہ ملک کے پہلے وزیراعظم ڈیوڈ بین گورین کا سب سے لمبےعرصے تک وزیراعظم کے منصب پر فائزرہنے کا ریکارڈ توڑدیں گے۔