فاروق عبداللہ کی عمران خان کو مبارکباد، کہا ہند و پاک تعلقات میں چار چاند لگنے کی امید ہے

نیشنل کانفرنس کے صدر اور رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نےنے امید ظاہر کی کہ عمران خان کی حکومت ہندستان کے ساتھ خوشگوار اور دوستانہ تعلقات بحال کرکے آپسی رشتوں میں چار چاند لگا دے گی ۔

Aug 18, 2018 06:51 PM IST | Updated on: Aug 18, 2018 07:05 PM IST
فاروق عبداللہ کی عمران خان کو مبارکباد، کہا ہند و پاک تعلقات میں چار چاند لگنے کی امید ہے

فاروق عبداللہ ۔ فائل فوٹو

سری نگر۔ نیشنل کانفرنس کے صدر اور رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے عمران خان کو پاکستانی وزیر اعظم بننے پر مبارک باد پیش کی ہے۔ انہوں نے پاکستانی عوام کو بھی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوری عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیکر پاکستان عوام نے دکھا دیا کہ وہ جمہوریت میں یقین رکھتے ہیں۔ انہو ں نے امید ظاہر کی کہ عمران خان کی حکومت بھارت کے ساتھ خوشگوار اور دوستانہ تعلقات بحال کرکے آپسی رشتوں میں چار چاند لگا دے گی، جس کا عندیہ پاکستان میں الیکشن نتائج آنے کے ساتھ ہی دونوں ملکوں کے رہنماؤں نے ایک دوسرے کے تئیں گرمجوشی سے دیا۔

انہوں نے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ دونوں ممالک رشتوں کو مضبوط بنانے کے تمام آپسی سرگرمیاں بحال کریں اور تمام چھوٹے بڑے مسائل پر غیر مشروط بات چیت شروع کریں، تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان ہمیشہ کے لئے پائیدار امن قائم کیا جاسکے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن خاص کر جموں وکشمیر میں امن وامان قائم کرنے کے خاطر اپنے تمام حل طلب مسائل کو حل کرنے کی پہل کریں۔ انہوں نے کہا کہ وقت کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے دونوں ممالک کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے راہیں نکالنی چاہیں تاکہ ریاستی عوام کو امن وسکون کی زندگی بسر کرنا کا موقعہ فراہم کیا جاسکے۔

نیشنل کانفرنس صدر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ہند پاک کی دوستی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں اور دونوں ممالک کے کروڑوں عوام افہام وتفہیم کے ساتھ اِس مسئلہ کو حل کرنے کے لئے کوشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ جدل سے تباہی اور بربادی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوتا ہے ۔ انہوں نے نفرت کے دیواروں کو منہدم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آرپار کے لوگ امن وسکون کے ساتھ زندگی گذارنے کے ساتھ ساتھ خوشگوار ماحول میں بھائی بھائی بن کررہنے کے متمنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم شیر کشمیر شیخ محمد عبداللہ ہمیشہ ہندوستان اور پاکستان کے دوستی کے علمبردار رہے اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے7دہائی قبل جو روڑ میپ مرحوم شیر کشمیر نے مرتب کیا تھا ساری دنیا اس کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اُندرونی خودمختاری کی بحالی بہترین اقدام ثابت ہوسکتا ہے جس پر عمل کیا جانا چاہیے۔

Loading...

Loading...