
ریاض : امریکی صدر ٹرمپ کے ذریعہ یروشلم کو اسرائیلی راجدھانی قرار دئے جانے کے بعد جاری تنازع کے درمیان خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ریاض میں فلسطین کے صدر محمود عباس سے ملاقات کی۔میڈیارپورٹس کے مطابق دونوں رہنماوں نے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے اور تل ابیب سے وہاں اپنا سفارت خانہ منتقل کرنے کے متنازع فیصلہ کے بعد سے خطہ میں پیدا صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں متعدد سعودی شہزادے اور کابینہ کے ارکان بھی موجود تھے۔ خیال رہے کہ سعودی عرب نے امریکی صدر کے اس فیصلے کو بلاجواز، غیر ذمے دارانہ اور غیر منصفانہ قرار دے کر مسترد کر دیا ہے اور اس کو واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں مقہور فلسطینی اس فیصلے کے خلاف سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں۔امریکہ کے یورپی اتحادیوں سمیت دنیا کے دیگر ممالک نے بھی اس فیصلے کو مسترد کردیا ہے۔