نیوزی لینڈ کے کرائسٹ چرچ کی دو مسجدوں میں دہشت گردانہ حملہ کے بعد وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے جس انداز میں صورت حال کو سنبھالا اور انسانیت کی بہترین مثال قائم کرتے ہوئے جس طرح سے انہوں نے مسلمانوں کے ساتھ اظہار تعزیت کیا اور ان کے دکھ درد میں برابر شریک ہونے کا عملی ثبوت دیا اس کی دنیا بھر میں ستائش کی جا رہی ہے۔
دریں اثنا، نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن اور ایک مسلم نوجوان کے درمیان ہوئی بات چیت کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بات چیت کے دوران نوجوان نے جیسنڈا آرڈرن سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ میں تین دن سے مسلسل رو رہا ہوں۔ آپ ایک بے مثال شخصیت کی حامل خاتون ہیں‘‘۔
نوجوان نے آگے کہا کہ ’’ میری خواہش ہے کہ دنیا کے سبھی لیڈران آپ جیسے ہو جائیں‘‘۔ اس دوران نوجوان انہیں اسلام قبول کرنے کی دعوت دیتا ہے اور اپنی خواہش ظاہر کرتا ہے کہ وہ مسلمان ہو جائیں۔ نوجوان اس کے بعد جذباتی انداز میں کہتا ہے، ’’میری خواہش ہے کہ آپ جنت میں میرے ساتھ رہیں۔‘‘ نوجوان کی خواہش سن کر جیسنڈا آرڈرن مسکرا دیں اور نوجوان کو تھپکی بھی دی‘‘۔
مسلم نوجوان کی اسلام قبول کرنے کی دعوت پر جواب دیتے ہوئے نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم نے کہا ’’اسلام انسانیت کا درس دیتا ہے اور میرا خیال ہے کہ وہ میرے پاس ہے‘‘۔
واضح رہے کہ گزشتہ 15 مارچ کو نماز جمعہ کے موقع پر کرائسٹ چرچ کی دو مساجد میں ایک سفید فام دہشت گرد نے اندھا دھند گولی باری کرتے ہوئے 50 سے زائد نمازیوں کو شہید کردیا تھا جن میں ہندوستانی، پاکستانی اور بنگلہ دیشی لوگ بھی شامل تھے۔ مساجد پر حملے کے بعد آنے والے پہلے جمعہ میں مسجد النور کے سامنے ہیلی پارک میں نماز جمعہ کا بڑا اجتماع ہوا تھا جس میں نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم اور غیر مسلم افراد نے بھی شرکت کی تھی۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔