உங்கள் மாவட்டத்தைத் தேர்வுசெய்க

    وزیر اعظم مودی اور آسٹریلیائی پی ایم کے درمیان ملاقات ، کورونا اور کاروبار سمیت مختلف امور پر گفتگو

    وزیر اعظم مودی اور آسٹریلیائی پی ایم کے درمیان ملاقات ، کورونا اور کاروبار سمیت مختلف امور پر گفتگو ۔ تصویر : اے این آئی ۔

    وزیر اعظم مودی اور آسٹریلیائی پی ایم کے درمیان ملاقات ، کورونا اور کاروبار سمیت مختلف امور پر گفتگو ۔ تصویر : اے این آئی ۔

    امریکی دورے کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے کاروباری نمائندوں سے ملاقات کے بعد آسٹریلیا کے وزیر اعظم اسکاٹ موریسن کے ساتھ اپنی پہلی سفارتی ملاقات کی اور ہند و بحرالکاہل خطے میں باہمی تعاون اور ہم آہنگی بڑھانے کے اپنے عزم کا اظہار کیا۔

    • UNI
    • Last Updated :
    • Share this:
      واشنگٹن : امریکی دورے کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے کاروباری نمائندوں سے ملاقات کے بعد آسٹریلیا کے وزیر اعظم اسکاٹ موریسن کے ساتھ اپنی پہلی سفارتی ملاقات کی اور ہند و بحرالکاہل خطے میں باہمی تعاون اور ہم آہنگی بڑھانے کے اپنے عزم کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم مودی نے آج شام تقریبا.1 7.15 بجے پانچ بڑی کمپنیوں کوالکام ، ایڈوب ، فرسٹ سولر ، جنرل ایٹمکس اور بلیک اسٹون کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای اوز) کے ساتھ الگ الگ میٹنگیں کیں اور انہیں ہندوستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کے بارے میں آگاہ کیا۔

      وزیر اعظم مودی اور مسٹر موریسن کے درمیان مقامی وقت کے مطابق 1:30 بجے (تقریبا 11 بجے ) دو طرفہ ملاقات ہوئی۔ وزیر خارجہ ایس جے شنکر ، قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال، سکریٹری خارجہ ہرش وردھن شرنگلا اور وزارت خارجہ میں جوائنٹ سکریٹری (یو ایس اے) محترمہ وانی راؤ بھی اس میٹنگ میں موجود تھے۔ وزیر اعظم کے دفتر نے تقریبا نصف گھنٹے کی میٹنگ کے بعد ٹویٹ کیا کہ وزیر اعظم مودی نے مسٹر موریسن کے ساتھ مختلف موضوعات پر بات چیت کی جس کا مقصد ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان اقتصادی اور عوام سے عوام کے تعلقات کو گہرا اور مضبوط کرنا ہے۔

      وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باغچی نے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے حالیہ علاقائی اور عالمی پیش رفت کے علاوہ کووڈ 19 کے امور ، تجارت ، دفاع ، صاف توانائی اور دیگر امور پر دوطرفہ تعاون بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ سمجھا جاتا ہے کہ اہم بات چیت موسمیاتی تبدیلی ، اقتصادی تعلقات کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی دہشت گردی سے نمٹنے اور ہند بحرالکاہل خطے میں چینی توسیع پسندی کو روکنے کے لیے اسٹریٹجک تعاون اور ہم آہنگی کو بڑھانے پر ہوئی ہے ، جو کل کواڈ سمٹ میں جاری رہے گی۔

      کووڈ کے بعد کے دور میں وزیر اعظم موریسن کے ساتھ وزیر اعظم مسٹر مودی کی یہ پہلی براہ راست ملاقات تھی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان تین بار ٹیلی فون پر بات چیت ہوئی ہے۔ آخری گفتگو حال ہی میں ہوئی۔ جون 2020 میں ، دونوں رہنماؤں نے ایک ورچوئل میٹنگ میں شرکت کی جس میں ہندوستان اور آسٹریلیا کے تعلقات کو ایک جامع اسٹریٹجک شراکت داری کی سطح پر لایا گیا۔ حال ہی میں دونوں ملکوں کے درمیان وزرائے خارجہ اور دفاع کے ٹو پلس ٹو ڈائیلاگ میٹنگ کا بھی اعلان کیا گیا ہے اور آسٹریلیائی وزیر ہندوستان آ رہے ہیں۔ اسی تناظر میں دونوں وزرائے اعظم نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کے بارے میں بات کی اور مشترکہ مفادات کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

      اس کے بعد وزیر اعظم مودی امریکی نائب صدر کملا ہیرس اور بعد میں جاپانی وزیر اعظم یوشی ہیدا سوگا کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے۔ یہ جاپانی وزیر اعظم مسٹر سوگا کے ساتھ مسٹر مودی کی پہلی بالمشافہ ملاقات ہوگی۔
      Published by:Imtiyaz Saqibe
      First published: