سری لنکا : رانل وکرم سنگھے نے چوتھی مرتبہ لیا وزیر اعظم کے عہدہ کا حلف ، وزیر اعظم مودی نے دی مبارکباد

سری لنکا کی یونائٹیڈ نیشنل پارٹی کے لیڈر رانل وکرم سنگھے نے اپوزیشن سری لنکا فریڈم پارٹی سے معاہدہ کے بعد آج چوتھی مرتبہ وزیر اعظم کے عہدہ کا حلف لیا

Aug 21, 2015 03:31 PM IST | Updated on: Aug 21, 2015 03:31 PM IST
سری لنکا : رانل وکرم سنگھے نے چوتھی مرتبہ لیا وزیر اعظم کے عہدہ کا حلف ، وزیر اعظم مودی نے دی مبارکباد

کولمبو : سری لنکا کی یونائٹیڈ نیشنل پارٹی کے لیڈر رانل وکرم سنگھے نے اپوزیشن سری لنکا فریڈم پارٹی سے معاہدہ کے بعد آج چوتھی مرتبہ وزیر اعظم کے عہدہ کا حلف لیا۔ دونوں پارٹیاں سری لنکا کی سیاست میں ایک دوسرے کی کٹر حریف رہی ہیں لیکن پھر بھی ان کے درمیان اقتدار کے لئے معاہدہ ہوگیا جس کے بعد ہی مسٹر وکرم سنگھے کا وزیر اعظم بننا یقینی ہوسکا۔ صدارتی سکریٹریٹ کے احاطے میں صبح ساڑھے نو بجے منعقد حلف برداری تقریب میں صدر میتری پالا سری سینا نے 66سالہ وکرم سنگھے کو عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔ حلف برداری تقریب کے کچھ ہی دیر بعد یونائٹیڈ نیشنل پارٹی اور سری لنکا فریڈم پارٹی کے درمیان ایک مفاہمت نامہ پر دستخط کئے گئے جس کے تحت ملک میں قومی اتحاد حکومت کے قیام کا راستہ کھل گیا۔

مسٹر سری سینا اور مسٹر وکرم سنگھے کے کٹرحریف سابق صدر مہندا راجا پکسے بھی حلف برداری تقریب میں موجود تھے اور تقریب کے اختتام کے بعد انہوں نے مسٹر سری سینا اور مسٹر وکرم سنگھے سے ہاتھ ملایا۔ سری لنکا میں ہوئے الیکشن کے نتائج کے اعلان میں مسٹر وکرم سنگھے کی پارٹی کو سب سے زیادہ سیٹیں ملنے کے بعد مسٹر راجاپکشے کی اقتدار میں واپسی کے تمام امکانات ختم ہوگئے تھے۔مسٹر وکرم سنگھ کی یونائٹیڈ نیشنل پارٹی کو ان انتخابات میں سب سے زیادہ 106سیٹیں ملنے کے باوجود پارلیمنٹ میں مکمل اکثریت حاصل کرنے سے پیچھے رہ گئی تھی اس لئے انہیں سری لنکا فریڈم پارٹی کے ساتھ ہاتھ ملانا پڑا۔

مسٹر وکرم سنگھے ابھی تک اپنی سیاسی زندگی میں چوتھی مرتبہ وزیر اعظم کے عہدہ پر پہنچے ہیں ۔ مسٹر وکرم سنگھے اس سے پہلے 1993-94، 2002-2004 ، اور اسی سال کے جنوری سے لے کر الیکشن سے قبل تک وہ تین مرتبہ وزیر اعظم کا عہدہ سنبھال چکے ہیں۔مسٹر وکرم سنگھے نے بدھ کو قومی پالیسی کے معاملے میں اتفاق رائے قائم کرنے کی اپیل کی تھی اورتمام پارٹیوں سے مل کر کام کرنے کی اپیل کی تھی۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ دوسری پارٹیاں حکومت میں وزارت کا عہدہ قبول کرکے یا پارلیمانی کمیٹیوں کے ذریعہ سے کام کرسکتی ہیں۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مسٹر وکرم سنگھے اور مسٹر سری سینا نے ہاتھ ملا کر قومی اور بین الاقوامی محاذ پر آنے والی اہم رکاوٹوں سے نمٹنے کی تیاری کرلی ہے ۔ نئی حکومت کو تمل علاقوں کو زیادہ اختیارات دینے کے پیچیدہ مسئلے کا سامنا کرنا ہوگا ۔

مودی نے سنگھے کو مبارک باد دی

Loading...

ادھر وزیر اعظم نریندر مودی نے مسٹر رانل وکرم سنگھے کو سری لنکا کا چوتھی مرتبہ وزیر اعظم بننے پر مبارک باد اور نیک خواہشات دی ہیں۔مسٹر مودی نے ٹوئٹ کیا’’ مسٹر رانل وکرم سنگھے کو سری لنکاکے وزیر اعظم کے عہدہ کا حلف لینے پر مبارک باد اور نیک خواہشات‘‘مسٹر وکرم سنگھے نے جمعہ کو چوتھی مرتبہ سری لنکا وزیر اعظم کے عہدہ کا حلف لیا ۔ ملک میں حال میں ہوئے پارلیمانی انتخابات میں ان کی پارٹی کی قیادت والے اتحاد کی شاندار جیت ہوئی ہے۔

Loading...