یوکرین کے مائیکولیو پر روسی میزائلوں کی ہوئی بارش، ایرانی ڈرون سے کیف پر حملے، بڑی عمارتیں تباہ
یوکرین کے مائیکولیو پر روسی میزائلوں کی ہوئی بارش، ایرانی ڈرون سے کیف پر حملے، بڑی عمارتیں تباہ (فائل فوٹو)
یوکرین کے جنوبی مورچے پر جاری لڑائی کے درمیان مائیکولیو شہر میں رات بھر گولہ باری کی وجہ سے پانچ منزلہ عمارت تباہ ہوگئی۔ علاقائی میئر اولیکزینڈر سینکووچ نے کہا کہ عمارت کی بالائی دو منزلیں ایک ہی حملے میں پوری طرح سے تباہ ہوگئیں۔
ایک طرف اقوام متحدہ جنرل اسمبلی ، روس کی جانب سے یوکرین کے چار علاقوں کے انضمام پر مذمت کررہی تھی، وہیں دوسری جانب روسی افواج یوکرینی مائیکولیو شہر پر میزائلوں کی بارش کررہی تھی۔ اس نے یوکرین کے دارالحکومت کیف کے آس پاس کے علاقوں پر جمعرات کی علی الصبح ایران کے تیارہ کردہ ڈرون سے بھی حملے کیے۔ کیف کے علاقائی گورنر اولیکسی کولیبا نے کہا، حملہ کیف کے نزدیکی علاقوں میں ہوا ہے، لیکن یہ ابھی واضح نہیں ہے کہ کوئی جانی نقصان ہوا یا نہیں۔
پیر کو پورے ملک میں بڑے پیمانے پر ہوئے روس کے تباہ کن حملوں کے بعد جمعرات کو لگاتار چوتھی صبح ہوائی حملے کا اشارہ دینے والے سائرن کی آوازیں سنائی دیں۔ یوکرینی صدارتی دفتر کے ڈپٹی چیف کیریلو تیموشینکو نے ٹیلی گرام پر کہا کہ علاقے میں اہم بنیادی ڈھانچوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ اُدھر، یوکرین کے جنوبی مورچے پر جاری لڑائی کے درمیان مائیکولیو شہر میں رات بھر گولہ باری کی وجہ سے پانچ منزلہ عمارت تباہ ہوگئی۔ علاقائی میئر اولیکزینڈر سینکووچ نے کہا کہ عمارت کی بالائی دو منزلیں ایک ہی حملے میں پوری طرح سے تباہ ہوگئیں۔ اس کے بعد باقی عمارت ملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئی۔ اس درمیان یوکرین نے بھی روسی قبضہ والے علاقوں کو دوبارہ اپنے کنٹرول میں لینے کے لئے جوابی کارروائی کی ہے۔
یو این نے کہا- یوکرین میں غیر قانونی قبضے کے لئے اٹھائے قدم واپس لے روس اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے یوکرین کے چار علاقوں پر روس کی ’غیر قانونی قبضے کی کوششوں‘ کی مذمت کرنے اور ان اقدامات کو فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کرنے کے حق میں بے مثال ووٹ دیا۔ ووٹنگ کے ذریعے دنیا بھر کے ممالک نے سات ماہ سے جاری جنگ اور روس کی جانب سے پڑوسی ملک کے علاقوں کو ضم کرنے کی کوشش کی شدید مخالفت کا اظہار کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے 193 ارکان میں سے 143 نے اس قرارداد کے حق میں ووٹ دیا۔ پانچ ممالک نے مخالفت میں ووٹ دیا۔ ہندوستان سمیت 35 ممالک ووٹنگ میں غیر حاضر رہے۔
اقوام متحدہ میں یوکرین کے سفیر سرگئی کیسلتسیہ نے ووٹنگ کو ایک ’حیرت انگیز‘ اور ’تاریخی لمحہ‘ قرار دیا۔ امریکی سفیر لنڈا تھامس گرین فیلڈ نے اسے ’’یادگار دن‘‘ قرار دیا۔ یورپی یونین کے سفیر اولاف اسکوگ نے اس تجویز کو بڑی کامیابی قرار دیا۔
Published by:Shaik Khaleel Farhaad
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔