سعودی حکمراں شاہ سلمان کا رمضان کے مقدس ماہ میں اجتماعی عبادات نہ ہونے پر اظہار افسوس ، مسلمانوں سے کی یہ خاص اپیل
سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبد العزیز
شاہ سلمان نے کہا کہ ان حالات میں رمضان المبارک کی آمد باعث تکلیف ہے، حالات نے ہمیں اجتماعی عبادات ، نمازوں ، تراویح اور خدا کے گھر میں قیام اللیل سے روک دیا ہے۔
سعودی عرب سمت خلیجی ممالک میں رمضان المبارک کے مقدس مہینے کا آغاز ہوچکا ہے اور وہاں جمعہ کو پہلا روزہ ہے ۔ رمضان المبارک کے بابرکت ماہ کے آغاز پر سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان نے سبھی لوگوں کو مبارکباد دی ہے اور ساتھ ہی لوگوں سے دعا کرنے کی بھی اپیل کی کہ اللہ تعالی دنیا بھر میں پھیلی مہلک وبا کو اٹھالے ۔ شاہ سلمان نے اس موقع پر اس امید کا بھی اظہار کیا کہ رمضان میں ہمارے عوام اور دنیا کی اقوام کیلئے امید اور سلامتی کی خوش خبریاں آئیں گی ۔
ٹویٹر پر اپنے پیغام میں سعودی حکمراں نے کہا کہ ہم رمضان میں اللہ کے حضور گڑگڑائیں گے کہ وہ ہم پر اور پوری دنیا پر سے ہر قسم کی آفت و بلا کو اٹھا لیں۔ خیال رہے کہ سعودی عرب میں عدالت عظمی نے اعلان کیا تھا کہ مملکت میں پہلا روزہ جمعہ کے روز ہو گا ۔
نحمد الله أن بلغنا شهر رمضان المبارك، مبتهلين إليه عز وجل أن يتقبل منا صيامه وقيامه، ومتضرعين له بالدعاء أن يرفع عنا وعن العالم كل بلاء، ونسأل الله أن يجعل هذا الشهر شهر خير وبركة، وأن تكون فيه بشارات الأمل والسلام لشعبنا وجميع شعوب العالم.
قابل ذکر ہے کہ قبل ازیں جمعرات کو رمضان المبارک کی آمد کے موقع پر اپنے بیان میں شاہ سلمان نے کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی مشکل صورتحال پر قابو پانے کے لیے سخت محنت پر زور دیا تھا ۔ ساتھ ہی ساتھ انہوں کورونا وائرس کی وجہ سے رمضان المبارک میں عبادات میں پیش آنے والی مشکلات پر بھی افسوس کا اظہار کیا تھا۔
شاہ سلمان کا کہنا تھا کہ ان حالات میں رمضان المبارک کی آمد باعث تکلیف ہے، حالات نے ہمیں اجتماعی عبادات ، نمازوں ، تراویح اور خدا کے گھر میں قیام اللیل سے روک دیا ہے۔ سعودی فرماںروا نے مزید کہا کہ تمام حفاظتی اقدامات انسانی جانوں کو بچانے اور وائرس میں مبتلا ہونے سے روکنے کے لیے اٹھائے گئے ہیں ۔ اس سال رمضان المبارک ایک ایسے وقت میں آئے ہیں جب ہم ان حالات میں رہ رہے ہیں کہ دنیا بھر کی انسانیت بہت شدید متاثر ہے اور وائرس کی وجہ سے ہم دنیا کی تاریخ کے ایک مشکل اور حساس دور سے گزر رہے ہیں ۔
Published by:Imtiyaz Saqibe
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔