جدہ: نامور سعودی عالم دین شیخ محمد العیسیٰ (Sheikh Muhammad Al-Issa) میدان عرفات میں حج 2022 (1443 ہجری) کے دوران خطبہ دیں گے۔ شیخ محمد العیسیٰ، سعودی عرب میں سینئر اسکالرز کی کونسل کے رکن اور مسلم ورلڈ لیگ (MWL) کے سیکرٹری جنرل ہیں۔
آج یعنی نویں ذی الحجہ بروز جمعہ کو عرفات کے دن مسجد نمرہ (Namirah Mosque) میں شیخ محمد العیسیٰ خطبہ حج دیں گے اور نماز کی امامت کریں گے۔ مکہ مکرمہ میں مذہبی امور کی وزارت نے اپنے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر ایک بیان میں کہا کہ اعلیٰ حکام نے اس سلسلے میں منظوری جاری کر دی ہے۔ یوم عرفات حج کے مناسک کا نہایت ہی اہم دن ہے۔ مناسک حج کا آغاز جمعرات 7 جولائی سے ہی ہوچکا ہے۔ یہاں دنیا بھر کے حجاج کرام ظہر اور عصر کی نمازیں ایک ساتھ ادا کرتے ہیں۔
شیخ محمد العیسیٰ پر تنازعہ کیوں؟
سعودی عرب میں ڈاکٹر العیسیٰ کو حکومت کے حامی اور نمائندہ مذہبی اسکالرز میں سے شمار کیا جاتا ہے۔ خطبہ عرفات کے لیے شیخ محمد العیسیٰ کے نام کے اعلان کے ساتھ ہی مسلم ممالک اور دینی حلقوں میں کئی طرح کی آرا کا اظہار کیا جارہا ہے۔
ڈاکٹر العیسیٰ سعودی عرب کے سابق وزیر انصاف ہیں، غیر اسلامی ممالک میں مسلم کمیونٹیز کو ان ممالک کے آئین، قوانین اور ثقافت کا احترام کرنے کی دعوت دینے کے لیے مشہور ہیں۔ علمی سطح پر ڈاکٹر العیسیٰ نے اسلامی شریعت، آئینی اور انتظامی قوانین میں مہارت حاصل کی ہے۔ انہوں نے متعدد کتابیں تصنیف کی ہیں۔ شریعت، قانون اور بہت سے فکری مسائل پر مضامین شائع کیے ہیں۔
سعودی یونیورسٹیوں میں شریعت اور قانون کی تدریس:
انہوں نے سعودی یونیورسٹیوں میں شریعت اور قانون کی تدریس بھی کی ہے، کئی ڈاکٹریٹ اور ماسٹرز کے مقالوں کی نگرانی اور ان پر تبادلہ خیال کیا اور دنیا بھر کے بین الاقوامی فکری اداروں اور یونیورسٹیوں میں لیکچر دئیے۔
شیخ محمد العیسیٰ حکومتی پالیسوں کے حامی رہے ہیں اور انھیں مختلف مذاہب کے ماننے والوں کے درمیان افہام و تفہیم اور بھائی چارہ کے لیے پہل کرنے والے کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔
Published by:Mohammad Rahman Pasha
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔