نیویارک۔ امریکی ریاست شکاگو سے فلاڈلفیا جانے والی ساؤتھ ویسٹ ایئرلائنز کی فلائٹ کے دو مسافروں کو محض اس وجہ سے جہاز میں سوار ہونے سے روک دیا گیا کیونکہ وہ آپس میں 'عربی' بول رہے تھے۔
مڈوے ایئرپورٹ پر مہر خلیل اور انس ایاز نامی 2 دوستوں کو گیٹ ایجنٹ نے کہا کہ انھیں جہاز میں سوار ہونے کی اجازت نہیں دی جاسکتی کیونکہ ایک مسافر نے ان دونوں کو آپس میں عربی میں بات کرتے ہوئے سنا ہے اور وہ ان کے ساتھ سفر کرنے سے خوفزدہ ہے۔
بعد ازاں مبینہ طور پر فلسطینی نژاد دونوں دوستوں سے ایئرپورٹ سیکیورٹی اور پولیس کی پوچھ گچھ کے بعد آخرکار انھیں ساؤتھ ویسٹ فلائٹ پر سوار ہونے کی اجازت دے دی گئی۔
خلیل کے مطابق جہاز میں سوار ہونے کے بعد کچھ مسافروں نے انھیں وہ سفید باکس کھولنے کو کہا جو وہ اپنے ساتھ لے جارہے تھے، 'لہذا میں نے اپنے ڈبے میں موجود بکلاوا (مٹھائی) سب لوگوں کے ساتھ شیئر کی۔
واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے پیرس حملوں کے بعد اسی قسم کے واقعات امریکا کی دیگر ڈومیسٹک فلائٹس کے دوران بھی پیش آچکے ہیں۔ رواں ہفتے بدھ کو بھی ہوسٹن سے شکاگو جانے والی ساؤتھ ویسٹ فلائٹ سے 6 مسافروں کو مشرق وسطیٰ نزاد ہونے کی بناء پر اْس وقت جہاز میں سوار ہونے سے روک دیا گیا تھا، جب انھوں نے اپنی نشستیں تبدیل کرنے کو کہا تھا۔ بعدازاں ساؤتھ ویسٹ ایئرلائنز نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جہاز کا عملہ روانگی میں تاخیر کیے بغیر یہ مسئلہ حل نہیں کرسکتا تھا، یہی وجہ ہے کہ مذکورہ مسافروں کو اْسی دن ایک دوسری فلائٹ سے بھیجا گیا۔
خیال رہے کہ جمعہ 13 نومبر کو فرانس کے دارالحکومت پیرس کے 6 مقامات پر فائرنگ اور خودکش حملوں کے واقعات میں 129افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے تھے، ان حملوں کی ذمہ داری دولت اسلامیہ برائے عراق و شام (داعش) نے قبول کی تھی۔داعش کی جانب سے امریکا سمیت دیگر یورپی ممالک میں بھی حملوں کی دھمکی دی گئی ہے۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔