نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے کرائسٹ چرچ کی دو مسجدوں میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کے بعد ملک کی صورت حال کو جس بخوبی انداز میں سنبھالا، اس کی دنیا بھر میں ستائش ہو رہی ہے۔ متاثرہ کنبوں سے اظہار تعزیت کے لئے ان سے ملاقات کرتے وقت انہوں نے اپنے سر کو ڈھانپ رکھا تھا اور سیاہ کپڑے زیب تن کر رکھے تھے۔ انہوں نے گلے لگا کر متاثرہ کنبوں کو تسلی دی اور انہیں ہر ممکن امداد کی یقین دہانی کرائی۔
نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے دبئی میں جمعہ کے روز دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ پران کی تصویر آویزاں کی گئی۔ یہ اقدام کرائسٹ چرچ کی دو مساجد میں دہشت گردانہ حملوں کے بعد آرڈن کی جانب سے مسلم کمیونٹی کے لئے ہمدردی اور یکجہتی کے شان دار مظاہرے پر انہیں خراج تحسین پیش کرنے اور شکریہ ادا کرنے کے واسطے کیا گیا۔
متحدہ عرب امارات کے وزیر اعظم نے نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ٹویٹ کیا ’’ نیوزی لینڈ آج مسجد حملہ کے متاثرین کے لئے پرامن تھا۔ شکریہ وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن اور نیوزی لینڈ آپ کے اظہار یکجہتی اور حمایت کے لئے جس نے 1.5 بلین مسلمانوں کا دل جیتا۔ اس دہشت گردانہ حملہ نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے‘‘۔
گزشتہ 15 مارچ کو نماز جمعہ کے دوران ان حملوں میں 50 افراد شہید اور درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔ جیسینڈا آرڈرن نے گزشتہ روز یعنی 22 مارچ کو نماز جمعہ کے بعد شہداء کے جنازے میں شریک ہو کر پوری دنیا کی توجہ اپنی جانب مبذول کرا لی تھی۔ نیوزی لینڈ میں جمعہ کی اذان براہ راست نشر کی گئی۔ بعد ازاں کرائسٹ چرچ مساجد کے 50 شہداء کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔