شام میں امریکی حمایت یافتہ فورس ’ایس ڈی ایف‘نے دولت اسلامیہ (داعش) کے آخری مرکز پر فیصلہ کن حملہ کردیا جس کے نتیجے میں وہاں گھمسان کی جنگ جاری ہے۔ شام سے ملنے والی خبروں کے مطابق ’ایس ڈی ایف‘مختلف عسکری تنظیموں پر مشتمل اتحاد ہے جو شام میں داعش کے خلاف آپریشن کررہا ہے۔ ایس ڈی ایف کے ترجمان نے غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مشرقی صوبہ دیر الزور میں انہیں داعش کے جنگجوؤں کی جانب سے سخت مزاحمت کا سامنا ہے، بظاہر یوں محسوس ہوتا ہے کہ داعش کے سب سے تجربہ کار جہادی اپنے اس آخری مرکز کا دفاع کررہے ہیں۔ دو سال قبل داعش کا شام و عراق کے وسیع و عریض رقبہ پر قبضہ تھا۔ لیکن اس کے بعد امریکہ کی قیادت میں مختلف ممالک کے اتحاد نے داعش کے خلاف آپریشن کیا جس کے نتیجے میں اب وہ دیر الزور میں عراقی سرحد کے قریب ایک چھوٹے سے قصبے باغوز تک محدود ہوکر رہ گئی ہے۔ اس علاقے سے شہریوں کو انخلا کے لیے ایک ہفتے کی مہلت دی گئی تھی جو گزشتہ روز ختم ہوگئی جس کے بعد باغوز پر حملہ کردیا گیا ہے۔
ایس ڈی ایف ترجمان مصطفیٰ بالی نے بتایا کہ باغوز میں خوفناک جھڑپیں ہورہی ہیں اور شاید وہاں داعش کے سب سے خطرناک جنگجو موجود ہیں جو اپنے آخری مرکز کا پوری طاقت سے دفاع کررہے ہیں۔
ایس ڈی ایف نے حالیہ ماہ کے دوران امریکی اتحادی افواج کی بمباری کی مدد سے زمینی آپریشن کرتے ہوئے شمال مشرقی شام میں بہت سے گاؤں، دیہات اور قصبوں سے داعش کو نکال باہر کیا ہے۔ 2014 میں اپنے دور عروج میں داعش نے شام و عراق میں خلافت قائم کی تھی جو رقبہ میں برطانیہ جتنی بڑی تھی اور اس کی آبادی 77 لاکھ تھی۔ واضح رہے کہ دسمبر میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شام میں داعش کو شکست دینے کا اعلان کرتے ہوئے امریکی فوج واپس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔