کم جونگ کے ساتھ مذاکرات سے قبل مون جے ان سے ملیں گے ٹرمپ
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کے ساتھ ہونے والے مجوزہ سربراہی مذاکرات سے قبل جنوبی کوریا کے صدر سے ملاقات کر سکتے ہیں۔
- UNI
- Last Updated: Apr 26, 2018 12:40 PM IST

ڈونلڈ ٹرمپ: فائل فوٹو۔
واشنگٹن ۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کے ساتھ ہونے والے مجوزہ سربراہی مذاکرات سے قبل جنوبی کوریا کے صدر سے ملاقات کر سکتے ہیں۔
وائٹ ہاؤس کے ایک اہلکار نے آج اس بات کی اطلاع دی۔جنوبی کوریا کے صدر مون جے ان جمعہ کو کم جونگ ان سے ملاقات کریں گے۔ قابل ذکر ہے کہ مسٹر ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ مئی یا جون میں شمالی کوریا کے رہنما سے ملاقات کریں گے۔
وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن نے اپنے جنوبی کوریائی ہم منصب چنگ ائی یونگ سے فون پر بات کرکے دونوں ممالک کے صدر کے درمیان ملاقات کے سلسلہ میں بات چیت کی۔
مسٹر مون نے گذشتہ ہفتے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ شمالی کوریا نے جزیرہ نما کوریا کو مکمل طور پر جوہری ہتھیار سے پاک کرنے کو لے کر اپنے عزائم کا اظہار کیا ہے۔ قابل غور ہے کہ شمالی کوریا نے ہفتہ کو فوری طور سے اپنے جوہری اور میزائل ٹسٹ ملتوی کرنے کا اعلان کیا تھا۔