ہوم » نیوز » جموں وکشمیر

گاندربل ضلع میں 100 فیصد ٹیکہ کاری مکمل، ٹیکہ کاری کا عمل جاری

کورونا وبا سے لوگوں کو محفوظ رکھنے کے لیے جموں وکشمیر کے اطراف و اکناف میں ٹیکہ کاری کا عمل جاری ہے۔

  • Share this:
گاندربل ضلع میں 100 فیصد ٹیکہ کاری مکمل،  ٹیکہ کاری کا عمل جاری
گاندربل ضلع میں 100 فی صدی ٹیکہ کاری مکمل

جموں کشمیر: کورونا وبا سے لوگوں کو محفوظ رکھنے کے لیے جموں وکشمیر کے اطراف و اکناف میں ٹیکہ کاری کا عمل جاری ہے۔ ملک کے دیگر حصوں کی طرح یو ٹی میں بھی کورونا وائریرس کی ٹیکہ کاری کے بعد 45 سال سے زائد عمر کے لوگوں کی ویکسینیشن کا عمل شروع کیا گیا۔ اگرچہ ابتداء میں لوگ ٹیکہ لگوانے سے کتراتے تھے تاہم محکمہ صحت نے سماج کے مختلف طبقات سے وابستہ افراد کی مدد سے لوگوں کو ٹیکہ کاری کے فوائد سے آگاہ کیا اور یوں لوگ ویکسینیشن کےلئے راضی ہو گئے۔

کشمیر صوبے میں لوگوں نے ٹیکہ کاری کے عمل میں خاصی دلچسپی دکھائی اور شوپیاں یو ٹی کا پہلا ایسا ضلع بن گیا جہاں 45 سال سے زائد عمر کے 100 فیصد افراد کو کورونا کے وبا سے بچاؤ ک ٹیکہ لگایا گیا۔


شوپیان کے بعد گاندربل اب کشمیر صوبے کا دوسرا ضلع بن گیا ہے جہاں اس ایج گروپ کے 100 فیصدی افراد کی ٹیکہ کاری مکمل کی گئی۔ گاندربل ضلع میں 45 برس سے زائد عمر کے افراد کی تعداد 68,440 ہے اور ان سبھی افراد کو ویکسین کی کم سے کم ایک ڈوز دی گئی ہے۔ ٹیکہ کاری کی مہم کو کامیاب بنانے کےلئے ضلع بھر میں 94 ویکسینیشن مراکز قائم کئے گئے تھے اور اس مہم میں ہیلتھ کیئر ورکرز کے ساتھ ساتھ آشا ورکرز اور پنچایتی راج اداروں کے نمایندوں نے اپنا تعاون پیش کر کے مہم کو کامیابی سے ہم کنار کیا۔ ضلع کی ڈپٹی کمشنر کرتیکا جوتسنا نے یہ ہدف حاصل کرنے کے لیے مہم سے جڑے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں ٹیکہ کاری کا عمل جاری ہے اور پہلے سے قائم شدہ تمام 94 ٹیکہ کاری مراکز لگاتار تب تک کام کرتے رہینگے جب تک ضلع کے تمام افراد کی ٹیکہ کاری مکمل نہ ہو۔


واضح رہے کشمیر صوبے کا شوپیان ضلع وادی کا پہلا ایسا ضلع تھا جہاں 45 سال سے زائد عمر کے 100 فی صدی افراد کو کورونا سے بچاؤ کےلئے ٹیکہ لگاۓ گۓ تھے ۔ شوپیان ضلع میں 45 سال سے زائد عمر والے افراد کی تعداد 59,818 ہے۔ جنہیں کورونا سے بچاؤ کا کم سے کم ایک ڈوز لگایا گیا۔ شوپیان جموں کشمیر کا پہلا اور ملک کا دوسرا ایسا ضلع تھا جہاں ویکسینیشن کا ٹارگٹ سب سے پہلے پورا کیا گیا۔ گاندربل اور شوپیان کے علاؤہ جموں ضلع میں بھی یہ ٹارگٹ پورا کیا گیا ہے، جبکہ سانبہ ضلع میں ٹیکہ کاری کا فی صد 98 سے زائد ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق جموں کشمیر میں مجموعی طور پر 45 سال سے زائد عمر کے 67 فی صدی افراد کی ٹیکہ کاری کی گئ ہے جبکہ قومی سطح پر یہ شرح 44.1 فی صد ہے۔
Published by: Sana Naeem
First published: May 28, 2021 08:51 PM IST