ہوم » نیوز » جموں وکشمیر

جموں و کشمیر میں تین ہفتوں میں سب سے کم کووڈ 19 کیسیز درج ، کشمیر میں قائم لیباریٹریوں میں 3767 نمونوں میں صرف 5 مثبت

مئی کے پہلے دو ہفتوں میں 17.5 کی روزانہ اوسط سے کووڈ 19 کے 369 نئے معاملات درج کئے گئے ، جبکہ اس سے پہلے دو ہفتوں میں 13.3 کی روزانہ اوسط سے 281 نئے معاملات درج کئے گئے تھے ۔

  • Share this:
جموں و کشمیر میں تین ہفتوں میں سب سے کم کووڈ 19 کیسیز درج ، کشمیر میں قائم لیباریٹریوں میں 3767 نمونوں میں صرف 5 مثبت
علامتی تصویر

جموں و کشمیر میں آج پچھلے تین ہفتوں کے سب سے کم کووڈ 19 معاملات درج کئے گئے ۔ 14 مئی کو چوبیس گھنٹے میں کل ملا کے 12 معاملات درج کئے گئے ، جن میں سے کشمیر میں 8 اور جموں میں 4 کیس درج کئے گئے۔ کشمیر کے 8 معاملوں میں سے 5 سرینگر ، 2 شوپیاں اور ایک پلوامہ میں سامنے آئے ہیں ۔ پچھلی مرتبہ 21 اپریل کو بھی یہاں 12 معاملات سامنے آئے تھے ، لیکن اس کے بعد متواتر مثبت معاملات میں اضافہ ہوتا گیا اور 12 مئی کو سب سے زیادہ 55 معاملات سامنے آئے تھے ۔


کشمیر میں واقع دو لیباریٹریوں سے پہلی بار صرف 5 مثبت کیس سامنے آئے ہیں اور وہ بھی 3767 نمونوں کو کھنگالنے کے بعد ۔ ان پانچ مثبت کیسوں میں ایک کا جموں سے تعلق ہے ، جو ان نمونوں میں پایا گیا جو جموں سے یہاں بھیجے گئے تھے ۔ سی ڈی اسپتال کی لیبارٹری میں کل 748 ٹیسٹوں میں کوئی مثبت کیس نہیں پایا گیا ۔ جمعرات کو 12 نئے معاملات کے ساتھ جموں و کشمیر میں کووڈ مثبت کیسوں کی کل تعداد 983 ہوگئی ہے ، جن میں سے 487 ہی ایکٹیو کیس ہیں ۔ 485 مریض ابھی تک صحت یاب ہوئے ہیں جبکہ 11 کی موت واقع ہوگئی ہے ۔


مئی کے پہلے دو ہفتوں میں 17.5 کی روزانہ اوسط سے کووڈ 19 کے 369 نئے معاملات درج کئے گئے ، جبکہ اس سے پہلے دو ہفتوں میں 13.3 کی روزانہ اوسط سے 281 نئے معاملات درج کئے گئے تھے ۔ ان بڑھتے معاملات کے درمیان اچھی خبر یہ ہے کہ مئی میں اب تک صحت یاب ہوئے مریضوں کی تعداد بڑھ گئی ہے ۔ اس مہینے کے پہلے دو ہفتوں میں 269 مریض صحت یاب ہوئے ، جبکہ اس سے پہلے دو ہفتوں میں یہ تعداد 156 تھی ۔ جموں و کشمیر میں کووڈ سے مارے گئے افراد کی تعداد بھی باقی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے مقابلہ میں کافی کم ہے۔ یہاں ابھی تک 11 افراد کی موت ہوئی ہے ، جن میں زیادہ تر ایسے لوگ شامل ہیں ، جو کووڈ کے علاوہ کسی اور بیماری میں بھی مبتلا تھے ۔


جنوبی کشمیر میں پچھلے کچھ دنوں کے دوران کووڈ مثبت معاملات میں تیزی دیکھنے کو ملی ہے ۔ محکمہ صحت کے افسران کے مطابق یہ تعداد  ملک کے کئی حصوں میں پھنسے لوگوں کے گھر واپس آنے کے بعد بڑھ رہی ہے ۔ ان لوگوں کے نمونے جموں وکشمیر میں داخل ہونے کے ساتھ ہی لئے جاتے ہیں اور تب تک ان لوگوں کو کوارنٹائن میں رکھا جا رہا ہے ، جب تک ان کے ٹیسٹوں کے نتائج نہیں آتے ۔
First published: May 15, 2020 12:44 AM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading