ہوم » نیوز » جموں وکشمیر

جموں وکشمیر میں ایک دن میں سامنے آئے کورونا وائرس کے 17 نئے کیسز ، حکومت نے شروع کی اب یہ بڑی مہم

جموں و کشمیر میں مثبت کیسز کی تعداد بڑھ کر 92 ہوگئی ہے ۔ تصدیق شدہ کیسز میں سے 86 ایکٹو ہیں ۔ دو مریضوں کی موت ہوچکی ہے اور چار مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

  • UNI
  • Last Updated: Apr 04, 2020 11:05 PM IST
  • Share this:
جموں وکشمیر میں ایک دن میں سامنے آئے کورونا وائرس کے 17 نئے کیسز ، حکومت نے شروع کی اب یہ بڑی مہم
علامتی تصویر

جموں وکشمیر میں ہفتہ کے روز کورونا وائرس کے 17 نئے مثبت کیسز سامنے آئے ، جس سے اس یونین ٹریٹری میں اب تک سامنے آنے والے مثبت کیسز کی تعداد بڑھ کر 92 ہوگئی ہے ۔ تصدیق شدہ کیسز میں سے 86 ایکٹو ہیں ۔ دو مریضوں کی موت ہوچکی ہے اور چار مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔  سرکاری ذرائع کے مطابق جموں وکشمیر میں ہفتہ کو جو 17 کیسز سامنے آئے ، ان میں سے 14 کا تعلق وادی اور 3 کا تعلق صوبہ جموں کے ادھم پور سے ہے ۔ وادی میں جو 14 کیسز سامنے آئے ان میں سے چھ کپوارہ ، چار بانڈی پورہ ، تین بارہمولہ اور ایک پلوامہ سے سامنے آیا ہے۔


86 ایکٹو کیسز میں سے وادی میں 68 اور جموں میں 18 کیسز ہیں ۔ وادی میں دو مریضوں کی موت اور ایک مریض صحتیاب ہوکر اسپتال سے رخصت ہوچکا ہے جبکہ جموں میں تین مریض صحتیاب ہوکر اسپتال سے اپنے گھروں کو منتقل ہوچکے ہیں ۔ پورے جموں وکشمیر میں اب تک زائد از 28 ہزار افراد کو نگرانی میں رکھا گیا ہے ۔ اس دوران نیشنل کانفرنس کے نائب صدر و سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ٹوئٹ کرتے ہوئے 17 نئے کیسز سامنے آنے پر حیرانگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ جموں وکشمیر میں اب تک کسی ایک دن سامنے آنے والے سب سے زیادہ کیسز ہیں۔


ادھر سری نگر کے ڈل گیٹ علاقہ میں واقع امراض سینہ کے اسپتال ، جس کو کووڈ اسپتال میں تبدیل کیا گیا ہے ، کے انچارج ڈاکٹر نوید نذیر شاہ نے بتایا کہ اس اسپتال میں زیر علاج کورونا وائرس کے 7 مریضوں کے ٹیسٹ اب منفی آئے ہیں ۔ انہوں نے اس کو ایک اچھی خبر قرار دیتے ہوئے کہا کہ جوں ہی یہ مریض اپنی کورانٹائن مدت مکمل کریں گے ، تو انہیں اسپتال سے رخصت کیا جائے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنا کردار نبھا کر وائرس کی اس زنجیر کو توڑ سکتے ہیں۔


دریں اثنا حکومت کی طرف سے ایڈوائزری جاری کی گئی ہے ، جس میں لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ پُر امن رہیں اور گھبرائیں نہیں کیوں کہ جموں وکشمیر میں کووڈ 19 کو روکنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں اور اس عمل کی اعلیٰ سطح پر نگرانی کی جارہی ہے ۔ حکومت نے رابطے والے افراد کو ڈھونڈنے اور ٹیسٹنگ میں تیزی لانے کے لئے ایک بڑی مہم شروع کی ہے اور اس وجہ مثبت سے معاملات کی تعداد میں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے ۔ لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ گھروں میں ہی رہیں اور سماجی دوری کو برقرار رکھیں ۔ ان سے مزید کہا گیا ہے کہ وہ سفری تفاصیل یا مثبت معاملات کے ساتھ رابطے کو رضاکارانہ طور پر رپورٹ کریں۔
First published: Apr 04, 2020 11:04 PM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading