جموں و کشمیر: دہشت گردانہ حملہ کے بعد راجوری پونچھ کے سبھی سرحدی علاقوں میں الرٹ جاری
جموں و کشمیر: دہشت گردانہ حملہ کے بعد راجوری پونچھ کے سبھی سرحدی علاقوں میں الرٹ جاری
Jammu and Kashmir News: ترجمان کے مطابق علاقے کو محاصرے میں لے کر بڑے پیمانے پر تلاشی کارروائی شروع کی گئی ہے اور حملہ آوروں کو ڈھونڈ نکالنے کے لئے مزید فوجی کُمک علاقے میں پہنچ گئی ہے۔
جموں : دہشت گردوں نے پھر ایک بار جموں کے پونچھ علاقے میں ایک فوجی گاڑی پرحملہ کرکے اپنی موجودگی کا احساس کرایا ہے۔ پونچھ ضلع کے بھیمبر علاقے میں دہشت گردوں نے ایک فوجی گاڑی پر گھات لگاکر حملہ کرکے پانچ فوجی اہلکاروں کو شہید کردیا۔ حملہ آوروں نے خراب موسم اور دھند کی آڑ میں یہ حملہ انجام دیا۔ اس حملے میں ایک فوجی اہلکار شدید طور پر زخمی بھی ہوا ہے، جسے اسپتال میں علاج و معالجے کے لئے بھرتی کیا گیا ہے۔ فوج کے ایک ترجمان کے مطابق جمعرات کی سہ پہر کو فوجی گاڑی بھیمبر گلی سے پونچھ کی طرف جارہی تھی اور اسی دوران نامعلوم دہشت گردوں نے اس گاڑی پر اندھا دُھند فائرنگ شروع کر دی اور ہینڈ گرینڈ پھینکے، جس کی وجہ سے گاڑی میں آگ لگ گئی اور پانچ فوجی اہلکار موقع پر ہی شہید ہو گئے جبکہ ایک فوجی زخمی ہوا ۔ یہ فوجی راشٹریہ رائفلز یونٹ سے تعلق رکھتے تھے اور علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کرنے کی ڈیوٹی انجام دے رہے تھے۔
ترجمان کے مطابق علاقے کو محاصرے میں لے کر بڑے پیمانے پر تلاشی کارروائی شروع کی گئی ہے اور حملہ آوروں کو ڈھونڈ نکالنے کے لئے مزید فوجی کُمک علاقے میں پہنچ گئی ہے۔ فوج کے مطابق اچانک دہشت گردوں کی طرف سے فائرنگ کی وجہ سے گاڑی میں سوار فوجیوں کو سنبھلنے کا موقع نہیں ملا، جس وجہ سے یہ شہادتیں ہوئیں ۔
انہوں نے کہا کہ حملے کے فورا بعد حملہ آور کُہرے اور زبردست بارش کی آڑ میں جائے واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔ راجوری پونچھ کے تمام سرحدی علاقوں میں الرٹ جاری کیا گیا ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جارہا ہے کہ حملہ آور علاقے سے بھاگنے نہ پائیں۔
واضح رہے چند ماہ پہلے دہشت گردوں نے راجوری کے ایک گاوں میں سات شہریوں کو ہلاک کر دیا تھا ۔ تاہم ابھی تک ان حملہ آوروں کا کوئی اتا پتہ نہیں چل پایا ہے۔ ایسا اس لئے کیونکہ یہ سارا علاقہ گھنے جنگلوں سے گھرا ہوا ہے اور کنٹرول لائن سے متصل علاقہ ہے۔
Published by:Imtiyaz Saqibe
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔