ہوم » نیوز » جموں وکشمیر

سرینگر میں یوم الحاق کے موقع پر بی جے پی کی ترنگا یاترا ،گپکار اتحاد کو بی جے پی کا سخت جواب 

عوامی اتحاد برائے گُپکار اعلامیہ میں شامل لیڈروں کے حالیہ بیانات کا جواب دینے کے مقصد سے ایک ترنگا یاترا کا اہتمام کیا گیا۔ قومی ترنگا لہراتے اور ہندوستان زندہ باد کے نعرے لگاتے ہوئے گاڑیوں کا ایک کارواں ٹیگور ہال سے شیر کشمیر کنونشن سنٹر تک گیا ، جہاں پر قومی ترانہ گاتے ہوئے قومی جھنڈا لہرایا گیا ۔

  • Share this:
سرینگر میں یوم الحاق کے موقع پر بی جے پی کی ترنگا یاترا ،گپکار اتحاد کو بی جے پی کا سخت جواب 
سرینگر میں یوم الحاق کے موقع پر بی جے پی کی ترنگا یاترا ،گپکار اتحاد کو بی جے پی کا سخت جواب 

سرینگر میں آج بی جے پی کی جانب سے یوم الحاق کے موقع پر کئی پروگرامس منعقد کئے گئے ۔ 26 اکتوبر 1947 کو جموں و کشمیر کے آخری مہاراجہ ، مہاراجہ ہری سنگھ نے ہندوستان کے ساتھ الحاق کیا تھا ۔ گزشتہ سالوں کے برعکس اس مرتبہ بی جے پی نے اس موقع کو ایک جشن کے طور پر منایا ۔ ٹیگور ہال سرینگر میں ایک تقریب منعقد کی گئی ، جس میں بی جے پی لیڈروں اور ورکروں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ اس موقع پر سابق مہاراجہ کے ساتھ ساتھ پاکستانی قبائلی حملہ آوروں کو شکست دینے میں اہم رول ادا کرنے والے مقبول شیروانی کو بھی یاد کیا گیا۔


عوامی اتحاد برائے گُپکار اعلامیہ میں شامل لیڈروں کے حالیہ بیانات کا جواب دینے کے مقصد سے ایک ترنگا یاترا کا اہتمام کیا گیا۔ قومی ترنگا لہراتے اور ہندوستان زندہ باد کے نعرے لگاتے ہوئے گاڑیوں کا ایک کارواں ٹیگور ہال سے شیر کشمیر کنونشن سنٹر تک گیا ، جہاں پر قومی ترانہ گاتے ہوئے قومی جھنڈا لہرایا گیا ۔ بی جے پی کے ریاستی ترجمان الطاف ٹھاکر نے بتایا کہ یہ ریلی اُن طاقتوں کے لئے کرارا جواب ہے ، جو کہتے رہتے ہیں کہ دفعہ 370 اور 35اے کو کالعدم کئے جانے کے بعد اب کشمیر میں ترنگا جھنڈا تھامنے والے لوگ نہیں رہے ۔ الطاف ٹھاکر کا کہنا ہے کہ اس ریلی میں دیکھئے کہ کس  طرح کشمیر کے نوجوان قومی جھنڈا لہرا رہے ہیں ۔


واضح رہے کہ پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی نے حال ہی میں بیان دیا تھا کہ وہ تب تک قومی پرچم نہیں تھامیں گی ، جب تک جموں کشمیر کو اپنا جھنڈا واپس نہیں مل جاتا ہے ۔ بی جے پی کی ایک اور لیڈر ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے کہا کہ انھیں ہندوستان کا شہری ہونے پر فخر ہے اور ان کے مطابق محبوبہ مفتی جیسے سیاستداں نوجوانوں کو  اُکسانے کا کام کررہے ہیں ۔ تاکہ وہ اپنا سیاسی فائدہ اٹھا سکیں ۔ گُپکار ایلائنس کے قیام کے بعد جموں و کشمیر میں سیاسی سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں ۔ آج صبح سویرے کچھ بی جے پی ورکروں نے لال چوک کے گھنٹہ گھر پر قومی پرچم لہرانے کی کوشش کی ، جسے پولیس نے ناکام بنادیا ۔

Published by: Imtiyaz Saqibe
First published: Oct 26, 2020 09:00 PM IST