مشہور ولر جھیل کی شان رفتہ بحال کرنے کے کام میں تیزی ، بڑے پیمانے پر ڈریجنگ کا عمل جاری
ولر کی ڈریجنگ مکمل ہونے سے ولر میں پانی جمع ہونے کی صلاحیت بڑھ جائے گی ولر میں ڈریجنگ کے کام میں سرعت لانے کے علاوہ حکومت کام کے معیار پر پوری نظر رکھ رہی ہے ۔
- News18 Urdu
- Last Updated: Jul 18, 2020 04:57 PM IST

مشہور ولر جھیل کی شان رفتہ بحال کرنے کے کام میں تیزی ، بڑے پیمانے پر ڈریجنگ کا عمل جاری
محمد سعید بیگ
ایشیا کی سب سے بڑی اور شہرہ آفاق جھیل جھیل ولر کی شان رفتہ بحال کرنے کا کام ان دنوں تیزی سے جاری ہے ۔ سال دو ہزار گیارہ میں ولر منیجمینٹ اینڈ کنزرویشن اتھاریٹی قائم کرنے کے بعد سب سے پہلے ولر کی ڈیمارکشن عمل میں لائی گئی تھی ۔ چند سال قبل اگرچہ ولر کی ڈریجنگ کے لئے روایتی مشینیں کام پر لگا دی گئیں ۔ تاہم پچھلے سال پہلی مرتبہ حکومت نے ولر کی ڈریجنگ کے لئے ایک ہائی ٹیک مشین کام پر لگائی ۔ بانڈی پورہ میں صدر کوٹ پائین کے مقام پر ایک رقبے کی ڈریجنگ عمل میں لانے کے بعد اس سال سات مئی سے بانیاری کے مقام پر ڈریجنگ کا عمل شروع کیا گیا ہے ۔
خوش آئند بات یہ ہے کہ اس سال ولر کی ڈریجنگ کیلئے چھ مشینیں کام پر لگا دی گئیں ہیں اور اس کام کیلئے ڈیڑھ ارب کے قریب روپے خرچ کئے جارہے ہیں اور اکیس ماہ کے اندر اندر اس کام کو مکمل کرنا ہوگا ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ولر کی ڈریجنگ مکمل ہونے سے ولر میں پانی جمع ہونے کی صلاحیت بڑھ جائے گی ولر میں ڈریجنگ کے کام میں سرعت لانے کے علاوہ حکومت کام کے معیار پر پوری نظر رکھ رہی ہے ۔
ایک جانب جہاں محکمہ جنگلات کی کمشنر سیکریٹری سریتا چوہان نے چند روز قبل ولر پر جاری کام کا جائزہ لیا تو وہیں جموں و کشمیر یو ٹی کے ایل جی جگدیش چندر مرمو نے بھی جھیل پر جاری کام کا ہوائی معائنہ کیا ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پچھلے سال سے مرکزی حکومت کے علاوہ یو ٹی انتظامیہ جھیل ولر پر خاص توجہ دے رہی ہے اور ولر کی شان رفتہ بحال کرنے کے لئے بڑے پیمانے پر کام شروع کرنے کے ساتھ ساتھ مناسب فنڈس بھی واگزار کئے حارہے ہیں ۔