سرینگر: جموں کشمیر میں کووڈ Covid-19 معاملات اب صفر پر آگئے ہیں۔ پچھلے ایک مہینے سے کووڈ کے معاملات کافی کم درج کئے جارہے تھے اور کل کووڈ کا کوئی نیا معاملہ درج نہیں کیا گیا۔ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ڈاکٹر مشتاق نے اس پر خوشی کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر مشتاق نے کہا کہ یہ کہ کامیابی جموں کشمیر انتظامیہ اور جموں کشمیر عوام کے تعاون سے ملی ہے۔ ادھر کچھ ماہرین یہ بھی کہتے ہیں کہ کووڈ ٹیسٹنگ میں بھی کافی کمی ہوئی ہے۔ اگر نیشنل ہیلتھ مشن کی طرف سے جاری روازنہ کووڈ بلیٹن پر نظر ڈالیں تو یہ بات صاف ہو جاتی ہےکہ کووڈ ٹیسٹنگ میں بتدریج کمی درج کی گئی ہےاور اس کے ساتھ ہی نئے معاملات میں بھی کمی درج کی گئی ہے۔ کل شام کو جاری بلیٹن میں کہا گیا کہ 18 ہزار نئے ٹیسٹ جموں کشمیر میں کئے گئے جن میں کوئی نیا کیس درج کیا گیا۔
اس سے پہلے ایک دن یعنی 10 اپریل کو 23,162 ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 30 کووڈ مثبت پائے گئے تھے۔ سرینگر ایر پورٹ اور دیگر مقامات پر اب ٹیسٹنگ نہیں کی جا رہی ہے جہاں سے سیاح اور دیگر لوگ جموں کشمیر اور خاص طور پر کشمیر میں داخل ہوتے ہیں وہ بھی ایسے وقت میں جب سیاحوں کی ریکارڈ تعداد کشمیر وادی پہنچ رہی ہے۔ اس پہلو پر ڈیوزنل کمشنر کشمیر پی کے پولے کہتے ہیں کہ یہ پالیسی قومی سطح پر بنائی جاتی ہے اور تمام ضروری اقدامات لئے جا رہے ہیں۔
کشمیر کے معروف ماہر امراض سینہ پروفیسر نوید نذیر کہتے ہیں کہ وائرس آس پاس ہے اور نئی شکلوں میں آرہا ہے۔ گجرات میں Xe کی موجودگی کے بارے میں پوچھے جانے پر پروفیسر نوید کہتے ہیں کہ یہ ویرینٹ جلدی ضرور پھیلتا ہےلیکن مریض کو زیادہ بیمار نہیں کرتا۔ انھوں نے کہا کہ کووڈ ٹیکوں کی وجہ سے اب نئے کووڈ وائرس زیادہ اثر نہیں کرپاتے۔ حالانکہ وہ ایک اور کووڈ لہر آنے کی بات کررہے ہیں لیکن کہتے ہیں کہ اس کا زیادہ اثر نہیں ہوگا۔ جموں کشمیر میں 92 کووڈ ایکٹیو مثبت کیس ہیں جن میں سے 90 کیس کشمیر وادی میں ہیں اور صرف 2 کیس جموں میں ہیں۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔