ہوم » نیوز » جموں وکشمیر

جموں و کشمیر میں درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ، لوگوں نے کیا ٹھنڈی مشروبات، آئیس کریم پالر کا رخ

جموں و کشمیر میں آج کل دن کے درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ یو ٹی کی سرمائی راجدھانی جموں میں دن کا درجہ حرارت معمول سے سات سے آٹھ ڈگری سیلشیس زیادہ ریکارڑ کیا جارہا ہے۔

  • Share this:
جموں و کشمیر میں  درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ، لوگوں نے کیا ٹھنڈی مشروبات، آئیس کریم پالر کا رخ
درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کے پیش نظر لوگ آئیس کریم پارلرس اور ٹھنڈی مشروبات کی دُکانوں کا رُخ کر رہے ہیں۔

جموں و کشمیر میں آج کل دن کے درجہ حرارت (temperatures) میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ یو ٹی کی سرمائی راجدھانی جموں میں دن کا درجہ حرارت معمول سے سات سے آٹھ ڈگری سیلسیس زیادہ ریکارڑ کیا جارہا ہے۔ جموں شہر میں آج دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31.1 ڈگری سیلشیس ریکارڑ کیا گیا جو معمول کے درجہ حرارت سے 7.7 ڈگری سیلشیس زیادہ ہے۔دن کے درجہ حرارت میں اضافے کے ساتھ ہی جموں شہر میں لوگوں نے گرم ملبوسات ترک کرنے شروع کردئیے ہیں۔ درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کے پیش نظر لوگ آئیس کریم پارلرس اور ٹھنڈی مشروبات کی دُکانوں کا رُخ کر رہے ہیں۔


لوگوں کا کہنا ہے کہ اس مرتبہ جموں علاقے میں تقریبا دو ہفتے پہلے ہی گرمی کی شدت محسوس ہو رہی ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ شائد یہ تبدیلی عالمی سطح پر ہورہی ماحولیاتی تبدیلیوں کا نتیجہ ہے۔ نیوز 18 اردو سے بات چیت کرتے ہوئے لوگوں نے یہ خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر موسمی حا لات ایسے ہی رہے تو موسم گرما کے دوران درجہ حرارت میں غیر متوقع اضافہ دیکھنے کو ملے گا۔ ایک طرف جہاں درجہ حرارت میں اضافہ عام لوگوں کے لئے فکر مندی کاباعث بنا ہوا ہے۔ وہیں آئیس کریم اور ٹھنڈی مشروبات کا کاروبار کرنے والے افراد کے لئے یہ کاروباری نقطہ نظر سے کافی فائدہ مند ثابت ہو رہا ہے۔


اُدھر محکمہ موسمیات کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ کم بارشیں ہونا درجہ حرارت میں اضافے کی وجہ ہے۔ انڈین میٹرو لاجیکل ڈپارٹمنٹ (indian meteorological department) سرینگر کے ڈائیریکٹر سونم لوٹس (Sonam Lotus) کا کہنا ہے کہ اس بار جموں خطے میں معمول سے کم بارشیں ہوئیں جس وجہ سے لوگوں کو پہلے ہی گرمی کی شدت محسوس ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پہلی جنوری دو ہزار اکیس سے 24 فروری 2021 تک جموں خطے میں 40 سے 60 فیصد کم بارش ریکارڑ کی گئی۔

Published by: Sana Naeem
First published: Feb 25, 2021 08:01 PM IST