پلوامہ: جموں وکشمیر کے پلوامہ ضلع میں انکاونٹر میں جیش محمد نامی ممنوعہ تنظیم کے دہشت گرد پھنسے ہوئے ہیں۔ شہید پولیس کانسٹبل ریاض احمد کے قاتل سمیت دو مقامی دہشت گرد سیکورٹی فورسیز کے محاصرے میں پھنسے ہوئے ہیں۔
پولیس تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز سیکورٹی فورسیز نے ضلع پلوامہ کے گنڈی پورہ علاقے کا اس وقت محاصرہ کیا، جب علاقے میں دہشت گردوں کی مصدقہ اطلاع موصول ہوئی۔ فوج کی 55 راشٹریہ رائفلز اور سی آر پی ایف کے علاوہ جموں وکشمیر پولیس کی مشترکہ ٹیم نے پورے علاقے کا محاصرہ کرکے پہلے عام شہریوں کو انکاونٹرکی جگہ سے محفوظ نکالنے کی کارروائی عمل میں لائی، جس کے بعد محاصرے میں پھنسے دہشت گردوں کو خود سپردگی کی پیشکش کی گئی۔ تاہم دہشت گردوں نے سیکورٹی فورسیز پر فائرنگ کی۔
جموں وکشمیر پولیس کے آئی جی وجے کمار نے پہلے ٹوئٹ کرکے انکاونٹر کی تصدیق کی۔ بعد میں آئی جی نے انکاونٹر کے حوالے سے انکشاف کیا کہ سیکورٹی فورسیز کے محاصرے میں جیش محمد کے دو دہشت گرد پھنسے ہیں، جن میں ایک شہید پولیس کانسٹیبل ریاض احمد کا قاتل بھی شامل ہے۔
واضح رہے کہ رواں ماہ کی 13 تاریخ کو ضلع پلوامہ کے گڈورہ علاقے میں پولیس کانسٹیبل ریاض احمد کو گھر کے باہرگولیاں مارکر شہید کیا تھا۔ ریاض اس وقت اپنے چار سالہ بچے کو اسکول بس میں چھوڑ کرگھر کے باہر کھڑا تھا۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔