ہوم » نیوز » جموں وکشمیر

اوبامہ کی سابق معاون کشمیری سمیرا فاضلی اب بائیڈن کے لئے کریں گی کام

غور طلب ہے کہ منتخب ہونے کے بعد سے ہی جو بائیڈن مسلسل اپنی ٹیم بنا رہے ہیں۔ ٹیم میں انہوں نے کئی ہند نژاد لوگوں کو جگہ دی ہے۔ بائیڈن کے ساتھ امریکی تاریخ میں پہلی بار ہند نژاد خاتون کملا ہیرس نائب صدر بنیں گی۔

  • Share this:
اوبامہ کی سابق معاون کشمیری سمیرا فاضلی اب بائیڈن کے لئے کریں گی کام
سمیرا فاضلی کی پیدائش کشمیر میں ہوئی ہے

نئی دہلی۔ امریکہ کے نومنتخب صدر جو بائیڈن (Joe Biden) نے اپنی ٹیم میں ایک اور ہند نژاد خاتون کو جگہ دی ہے۔ بائیڈن کی اقتصادی ٹیم (Economic Team) میں جگہ پانے والی سمیرا فاضلی (Sameera Fazili) بنیادی طور پر کشمیر کی رہنے والی ہیں۔ وہ اس سے پہلے سابق صدر براک اوبامہ (Barack Obama) کے ساتھ بھی کام کر چکی ہیں۔ انہیں اوباما کا انتہائی قریبی سمجھا جاتا تھا۔ غور طلب ہے کہ منتخب ہونے کے بعد سے ہی جو بائیڈن مسلسل اپنی ٹیم بنا رہے ہیں۔ ٹیم میں انہوں نے کئی ہند نژاد لوگوں کو جگہ دی ہے۔ بائیڈن کے ساتھ امریکی تاریخ میں پہلی بار ہند نژاد خاتون کملا ہیرس نائب صدر بنیں گی۔


بائیڈن کی طرف سے جمعرات کو یہ اعلان کیا گیا کہ اب فاضلی بھی ان کی اقتصادی ٹیم کا حصہ ہوں گی۔ تین بچوں کی ماں فاضلی اس سے پہلے فیڈرل بینک آف اٹلانٹا میں ' ڈائریکٹر آف انگیجمنٹ فار کمیونٹی اینڈ اکنامک ڈیولپمنٹ' بھی رہ چکی ہیں۔ اس سے پہلے وہ وائٹ ہاوس کی نیشنل اکنامک کونسل میں بھی اہم عہدے پر کام کر چکی ہیں۔


فاضلی نے ہارورڈ کالج اور ایل لا اسکول سے تعلیم حاصل کی ہے۔ انہوں نے اپنے کیرئیر کا آغاز ایل لا اسکول میں کلینیکل لیکچرار کے طور پر کیا تھا۔ اس کے علاوہ وہ ٹریزری ڈیپارٹمنٹ میں پالیسی کو لے کر بھی کام کر چکی ہیں۔ فاضلی سے پہلے کشمیر کی آسیہ شاہ کو بھی بائیڈن نے اپنی ٹیم میں جگہ دی تھی۔ انہیں وائٹ ہاوس ڈیجیٹل اسٹریٹجی ٹیم میں اہم رول دیا گیا ہے۔


بتا دیں بائیڈن آئندہ 20 جنوری کو امریکہ کے صدر عہدے کا حلف لینے والے ہیں۔ اس سے پہلے انتخابات کو لے کر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں کی طرف سے کافی ہنگامہ کیا جا چکا ہے جس کی عالمی سطح پر مذمت کی گئی ہے۔خود ڈونلڈ ٹرمپ اسے لے کر بڑی مشکلوں میں گھر چکے ہیں۔ حالانکہ، کافی مانگ کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے دو بار اپنے حامیوں سے تشدد نہ کرنے کی اپیل کی تھی۔
Published by: Nadeem Ahmad
First published: Jan 15, 2021 09:21 PM IST