جموں و کشمیر: موسم نے پھر بدلی کروٹ، پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری، میدانی علاقوں میں بارش
جموں و کشمیر میں پھر موسم نے لی کروٹ، پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری، میدانی علاقوں میں بارش (Photo: News18)
Jammu and Kashmir News: وادی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں بھاری برفباری ہورہی ہے جبکہ جموں کے میدانی علاقوں میں کل شام سے ہی زبردست بارشیں جاری ہیں۔ پوری وادی برف کی سفید چادر میں لپٹ گئی ہے، جس کی وجہ سے معمولات زندگی پراثر پڑا ہے۔
جموں : دو دن موسم میں رہی بہتری کے بعد پھر ایک مرتبہ مغربی ہوائوں نے جموں و کشمیر کے موسمی حالات بدل دئے ہیں۔ وادی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں بھاری برفباری ہورہی ہے جبکہ جموں کے میدانی علاقوں میں کل شام سے ہی زبردست بارشیں جاری ہیں۔ پوری وادی برف کی سفید چادر میں لپٹ گئی ہے، جس کی وجہ سے معمولات زندگی پراثر پڑا ہے۔ مشہور سیاحتی مقام گلمرگ ، سونمرگ اور پہلگام میں ایک فُٹ سے زیادہ برفباری ہوئی ہے جبکہ دیگر میدانی علاقوں میں دو انچ سے چار انچ برف ریکارڈ کی گئی ہے۔ کل شام سے شروع ہوئی برفباری ابھی بھی وادی کے بیشتر علاقوں میں جاری ہے۔ تازہ برفباری کی وجہ سے جہاں زمینی اور ہوائی رابطے اثر انداز ہوئے ہیں وہیں وادی میں موجود سیاح تازہ برفباری کا لطف اٹھا رہے ہیں۔ سرینگر جموں قومی شاہراہ پر رامبن اور بانہال کے درمیان چٹانیں کھسکنے کی وجہ سے یہ شاہراہ گاڑیوں کی آمد و رفت کے لئے بند کردی گئی ہے اورشاہراہ کو بحال کرنے کا کام شدو مد سے جاری ہے۔
تاریخی مغل روڈ پر شدید برفباری کی وجہ سے یہ سڑک بھی آمدو رفت کے لئے بندپڑی ہے ۔ وہیں سرینگر کے ہوائی اڈے پر برف کے جماوڑے اور کہرے کی وجہ سے یہاں سے روانہ ہونے والے طیاروں پر بھی اثر پڑا ہے ۔
جموں خطے کے مختلف علاقوں میں کل شام سے جاری موسلا دھار بارشوں کی وجہ سے دن کے درجہ حرارت میں کافی کمی واقع ہوئی ہے اور بازاروں میں لوگ الائو جلا کر خود کو گرم رکھنے کی کوشش کررہے ہیں۔ جموں پونچھ اور راجوری شاہراہ پر بھی کئی مقامات پر پسیاں گر آئی ہیں ۔ تاہم ان شاہرائوں پر ٹریفک کی نقل و حمل جاری ہے۔
اُدھر ڈوڈہ، کشتواڑ اور بھدرواہ کے علاقو ں میں بھی تازہ برفباری کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔ چنابویلی کے دور دراز اور پہاڑی علاقوں میں کئی فٹ برف ریکارڈ کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے کل شام تاک موسم میں کسی تبدیلی کا امکان ظاہر نہیں کیا ہے۔
Published by:Imtiyaz Saqibe
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔