غلام نبی آزاد کا بڑا بیان، غیر مقامی لوگوں کو جموں و کشمیر میں ووٹ کا حق دینے کے خلاف اٹھائی جائے گی آواز
غلام نبی آزاد کا بڑا بیان، غیر مقامی لوگوں کو جموں و کشمیر میں ووٹ کا حق دینے کے خلاف اٹھائی جائے گی آواز
Jammu and Kashmir : ڈیموکریٹک آزاد پارٹی کے سربراہ غلام نبی آزاد نے کہا کہ ان کی جماعت ہر اس عمل کی مخالفت کرے گی، جو جموں و کشمیر میں غیر مقامی افراد کو ووٹر بنانے کیلئے ہوگا۔
جموں و کشمیر: ڈیموکریٹک آزاد پارٹی کے سربراہ غلام نبی آزاد نے کہا کہ ان کی جماعت ہر اس عمل کی مخالفت کرے گی، جو جموں و کشمیر میں غیر مقامی افراد کو ووٹر بنانے کیلئے ہوگا۔ اننت ناگ میں جنوبی کشمیر کے پارٹی ڈلیگیٹس کے ایک اجلاس سے خطاب کے بعد آزاد نے کہا کہ اگر جموں میں تحصیلداروں کو غیر مقامی افراد کیلئے سرٹیفکیٹ اجراء کرانے کا مجاز بنایا گیا تو اس کا یہ معنی نہیں ہونے چاہئیں کہ ایسے لوگ بعد میں ووٹ ڈال سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں ووٹ ڈالنے کا حق صرف اور صرف یہاں کے باشندوں کا ہونا چاہئے اور اس کے خلاف اگر کوئی اقدام اٹھایا گیا تو اس کی مخالفت ہوگی۔ آزاد نے نیوز 18 کی جانب سے جموں میں تحصیلداروں کو عارضی طور پر رہائش پذیر باشندوں کے حق میں سرٹیفکیٹ اجراء کرنے کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سرٹیفکیٹ اجرا کرنے کا قطعی طور پر یہ مطلب نہیں ہونا چاہئے کہ سرٹیفکیٹ پانے والے غیر مقامی افراد مستقبل میں ووٹنگ کی اہلیت رکھیں گے۔
حال ہی میں تشکیل شدہ ڈی اے پی کو گراس روٹ سطح پر مضبوط بنانے اور عوام تک پارٹی ایجنڈہ کو پہنچانے کی غرض سے آزاد نے کہا کہ ڈی اے پی میں صوبائی، ضلع اور زونل سطح کی کمیٹیاں تشکیل دی جا رہی ہیں اور اس جماعت میں ہر طبقے کو نمائندگی حاصل ہوگی۔ آزاد نے کہا کہ ایسا بالکل نہیں ہے کہ صرف وہ لوگ ڈی اے پی میں شامل ہوں گے، جو پہلے کانگریس میں تھے، بلکہ پارٹی میں زیادہ تعداد ان لوگوں کی ہونی چاہئے جو نوجوان سیاست دان ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مزدور، کسان اور کاشتکار طبقے کے ساتھ ساتھ ڈی اے پی میں خواتین کی ریزرویشن کو یقینی بنایا جائے گا۔ تاکہ ڈی اے پی مستقبل میں ہر طبقے کی نمائندگی کرنے والی بڑی سیاسی جماعت کے طور پر ابھرے۔
غلام نبی آزاد نے کہا کہ وہ جھوٹ اور دھوکے کی سیاست سے دور رہنا چاہتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے دفعہ 370 کی بحالی کو لے کر سارا سچ عوام کے سامنے رکھا۔ جبکہ دیگر سیاسی جماعتوں نے کبھی سیلف رول اور کبھی اٹانومی کا جھوٹا سہارا لے کر اپنی سیاسی روٹیاں سینکنے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی اور اب یہی سیاسی جماعتیں دفعہ 370 کا راگ الاپ کر لوگوں کو پھر ایک بار شیشے میں اتارنے کی کوششیں کر رہی ہیں۔ آزاد نے کہا کہ وہ اپنی جماعت کی مستحکمی اور عوامی خدمات کو انجام دینے کیلئے اپنی انتھک کوششیں جاری رکھیں گے۔
اس موقع پر پیر زادہ سعید، گلزار وانی، منظور گنائی، امین بٹ عنایت اللہ راتھر و دیگر لیڈران نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ منظور ماگرے اور خالدہ پروین سمیت کئی سیاسی کارکنوں نے ڈی اے پی میں شمولیت اختیار کر لی۔
Published by:Imtiyaz Saqibe
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔