ہوم » نیوز » جموں وکشمیر

گلمرگ : سیاحتی مقامات پر اسنو  بائیکس کے رجحان میں اضافہ ، جانئے کیا ہے اس کی وجہ

گلمرگ اور وادی کے دوسرے مقامات پر کافی تعداد میں سیاح اسنو بائیک کی سواری کرتے ہیں ۔ اس بائیک کی کشش ایسی ہے کہ سیاح خود بہ خود اس کی سواری کرنے کے لئے دوڑتے چلے آتے ہیں ۔

  • Share this:
گلمرگ : سیاحتی مقامات پر اسنو  بائیکس کے رجحان میں اضافہ ، جانئے کیا ہے اس کی وجہ
گلمرگ : سیاحتی مقامات پر اسنو  بائیکس کے رجحان میں اضافہ ، جانئے کیا ہے اس کی وجہ

اسنو بائک کئی فٹ برف پرچل سکتی ہے ۔ اس کے نیچے چھوٹے سے ٹائراور سامنے ٹائر کے بدلے اسکئی لگی ہوتی ہے اور اسی سے برف پر یہ بائک چل سکتی ہے ۔ سیاحتی مقام گلمرگ اور دیگر مقامات پر موسم سرما کے دوران ؤ اسنوبائیک کا چلن اور ان کی اہمیت کافی بڑھ رہی ہے ۔ سطح سمندر سے چودہ ہزار چار سو تین فٹ کی اونچائی پر واقع افروٹ تک گلمرگ سے اسنوبائیک کا ہی ہر لحاظ سے استعمال ہوتا ہے ۔ گلمرگ میں ان اسنوبائیکس سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ انہیں  یہ اسنو موٹر سائیکل امریکہ ، کینڈا اور دیگر ممالک سے خریدنے پڑتے ہیں ۔ ان لوگوں نے مزید بتایا کہ انہیں دوسرے ممالک سے یہ اسنو بائکس کافی مہنگے پڑتے ہیں اور تیکنیکی خرابی ہونے پر بھی اس کے پارٹس بھی غیر ممالک سے ہی منگوانے پڑتےہیں ۔


گلمرگ میں دوہزار بارہ سے اسنو بائیک کا رجحان بڑھنے لگا ۔ اسنو بائیک یہاں ونٹر گیمز میں بھی شامل ہے۔ حال ہی منعقدہ کھیلو انڈیا ونٹر گیمز میں بھی اس سے وابستہ نوجوانوں نے حصہ لیا اور اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ۔ گلمرگ میں برفانی طوفان آنے کے وقت بچاو کارروائی میں اسنو بائیک کا ہی زیادہ تر استعمال ہوتا ہے ۔ سب سے پہلے اور سب سے تیز اسنو بائیک ہی جائے حادثہ پر پہنچ جاتی ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ برفباری کے دوران کسی بھی مشکل وقت میں بچاؤ کارروائیوں میں انہی سے وابستہ لوگوں کی خدمات حاصل کی جاتی ہیں ۔ برفباری کے دوران حالات سے نمٹنے کے لئے استعمال ہونے والی گاڑیوں اور اسنو بائیکس کو ہی تیار رکھنے کی ہدایت دی جاتی ہے ۔ خواہ برفانی طوفان ہو یا کوئی بھی حادثہ ، اسنو بائیکس کے ذریعہ سے ہی بچاو کاروائیاں انجام دی جاتی ہیں ۔ گلمرگ میں گنڈولہ میں کبھی کبھار تکنیکی خرابی آنے کے دوران بھی اسنو بائیک کا ہی استعمال کیا جاتا ہے ۔


گلمرگ میں اسنو بائیک سیاحوں کی سیر وتفریح کے لئے بھی ایک اچھی سواری مانی جاتی ہے ۔ گلمرگ اور وادی کے دوسرے مقامات پر کافی تعداد میں سیاح اسنو بائیک کی سواری کرتے ہیں ۔ اس بائیک کی کشش ایسی ہے کہ سیاح خود بہ خود اس کی سواری کرنے کے لئے دوڑتے چلے آتے ہیں ۔ گلمرگ میں کافی تعداد میں نوجوان اس پیشہ سے وابستہ ہیں ۔ گلمرگ میں موجود اسنوبائیکر منظور احمد نے نیوز 18 اردو کوبتایا کہ جوں ہی سیاح گلمرگ پہنچتے ہیں ، تو وہ پہلے اسنو بائیک کی سواری کو ہی ترجیح دیتے ہیں ۔ سیاح بھی اسنوبائیک پر سواری کرنے پر خوشی کا اظہارکرتے ہیں ۔ ممبئی سے آئے ہوئے پرشانت کمار نامی سیاح نے نیوز 18 اردو کو بتایا کہ گلمرگ میں اسنوبائک پر سواری کرنا ان کے لیے ایک نیا تجربہ ہے۔ اسنو موٹر سائیکل کا تصور نیا ہے ۔


در اصل انیس سو تیس میں امریکی کمپنی نے اسنو سائیکل تیار کیا ، جو پہلی برف کی موٹر سائیکل تھی ۔ یہ اسنو سائیکل کھیل میں بھی شامل ہے ۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ کشمیر میں ان موٹر سائیکلوں کی تجارت کے ساتھ ساتھ ان کی مرمت کرنے کے لئے یہاں ورکشاپ قائم کئے جائیں ۔ تاکہ بغیر دشواری اور مہنگائی کے لوگ اسنو سائیکل کی مرمت اوراس کے حصول کیلئے قدم اٹھا سکیں ۔
Published by: Imtiyaz Saqibe
First published: Mar 18, 2021 10:19 PM IST