جموں۔ جموں کے نروال علاقے میں یکے بعد دیگرے دو پراسرار دھماکے ہوئے ہیں۔ نروال میں ان دوہرے دھماکوں میں چھ افراد زخمی ہوگئے۔ یہ دھماکے نروال کے ٹرانسپورٹ نگر کے یارڈ نمبر 7 میں ہوئے ہیں۔ ان دھماکوں کی اطلاع ملتے ہی اے ڈی جی پی جموں (اے ڈی جی پی جموں زون) مکیش سنگھ موقع پر پہنچ گئے ہیں۔ ایک سینئر پولیس افسر نے نیوز 18 کو بتایا کہ دھماکے دو گاڑیوں میں ہوئے، جس میں چھ افراد زخمی ہوگئے۔ تمام زخمیوں کو علاج کے لیے نزدیک کے ہی اسپتال لے جایا گیا ہے۔ پولیس افسر نے بتایا کہ پورے علاقے کا محاصرہ کر لیا گیا ہے۔
سینئر پولیس افسران کے ساتھ دیگر پولیس اہلکار بھی موقع پر پہنچ گئے ہیں۔ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔ جبکہ اے ڈی جی پی جموں زون مکیش سنگھ نے بھی تصدیق کی ہے کہ جموں کے نروال علاقے میں دو دھماکے ہوئے، جس میں 6 افراد زخمی ہوئے۔
اے ڈی جی پی جموں زون مکیش سنگھ نے بتایا کہ دھماکے کے واقعے کے بعد پولیس کا بم ڈسپوزل اسکواڈ اور فارنسک ماہرین موقع پر پہنچ گئے ہیں۔ پولیس ابھی ان دھماکوں کے طریقہ کار کا پتہ لگا رہی ہے۔ مکیش سنگھ نے کہا کہ دھماکے کی نوعیت کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔ معاملے کی جانچ جاری ہے۔ پورے علاقے میں بڑے پیمانے پر تلاشی مہم شروع کر دی گئی ہے۔ جبکہ مختلف راستوں پر خصوصی چیک پوسٹیں بھی بنائی گئی ہیں۔
یہ دونوں دھماکے جموں میں ایسے وقت ہوئے ہیں جب راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا اور آئندہ یوم جمہوریہ کے پیش نظر سکیورٹی فورسز ہائی الرٹ پر ہیں۔ اس وقت کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی کی قیادت میں بھارت جوڑو یاترا جموں سے ہوکر گزر رہی ہے۔ نروال کا ٹرانسپورٹ نگر علاقہ جہاں دھماکے ہوئے وہ ٹرکوں کا گڑھ کہلاتا ہے۔ جائے وقوعہ سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو میں پولیس اہلکار دھماکے کے بعد گاڑیوں کی چیکنگ کرتے نظر آ رہے ہیں۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔