உங்கள் மாவட்டத்தைத் தேர்வுசெய்க

    جموں میں آزادی کی 75 ویں سالگرہ کو لے کر لوگوں میں کافی جوش وخروش

    جموں میں آزادی کی 75 ویں سالگرہ کو لے کر لوگوں میں کافی جوش وخروش

    جموں میں آزادی کی 75 ویں سالگرہ کو لے کر لوگوں میں کافی جوش وخروش

    Jammu and Kashmir news : جموں کے لوگ خاص طور پر نوجوان اس خاص موقع کے لیے ترنگے جھنڈے ، ٹی شرٹس ، بینڈ وغیرہ خریدنے میں مصروف ہیں۔

    • Share this:
    جموں : یوم آزادی کی 75 ویں سالگرہ بڑے دھوم دھام سے منانے کی تیاریاں ہو رہی ہیں۔  جموں و کشمیر کے لوگ بھی آزادی کا امرُت مہا اُتسو بڑے شاندار طریقے سے منانے کی تیاریاں کر رہے ہیں۔ جموں کے لوگ خاص طور پر نوجوان اس خاص موقع کے لیے ترنگے جھنڈے ، ٹی شرٹس ، بینڈ وغیرہ خریدنے میں مصروف ہیں۔ جموں کی مونیکا ساہنی ایک سرکاری ٹیچر ہیں۔  وہ اپنے بیٹے کے ساتھ یوم آزادی سے متعلق اشیا کی خریداری کے لیے پریڈ مارکیٹ میں ایک دکان پر  گئیں ۔ مونیکا کا کہنا ہے کہ وہ تمام متعلقہ اشیا جیسے جھنڈے اور بینڈ وغیرہ خریدنے جا رہی ہیں جو کہ 15 اگست کے دوران استعمال ہوں گی ۔ مونیکا اور دیگر سبھی جو بازاروں میں خریداری کے لیے آئے تھے ، انہوں نے کہا کہ اس سال کا یوم آزادی خاص ہے کیونکہ یہ ہمارے ملک میں رہنے والے سبھی ہندوستانیوں کے 75 ویں یوم آزادی کا دن ہے۔ کورونا وبا کے باوجود ہم اپنے اپنے گھروں میں ، محلوں میں آزادی کے اس جشن کو دھوم دھام سے منائیں گے ۔

    گاندھی نگر کی رہنے والی میناکشی نے کہا یہ دن ہمارے لئے بہت ہی خاص ہے ۔ اس دن ہمارے ملک کو غلامی کی زنجیروں سے آزادی ملی تھی ۔ اس بار ہم سرکار کی تمام دی گئی گائڈ لائنس پر عمل کرکے آزادی کے اس جشن کو دھوم دھام سے منائیں گے ۔ نوجوانوں میں جوش و خروش عروج پر ہے۔ ان میں سے بہت سے اسکول جانے والے طلبہ ہیں ، لیکن فی الحال کورونا کی وجہ سے آن لائن کلاس لے رہے ہیں ۔ پھر بھی وہ آزادی کے 75 سالوں کو شاندار طریقے سے منانے کے خواہش مند ہیں ۔

    اکشے جوکہ آٹھویں جماعت کا طالب علم ہے ، اُس نے کہا کہ ہم ہر سال آزادی کے اس جشن کو منانے کے لئے بے تاب رہتے ہیں ۔ میں ہر سال اس جشن میں اسکول کی طرف سے اس میں حصہ لیتا ہوں ۔ آج میں بازار آیا ہوں ، میں نے چھوٹے ترنگے لئے اور میں یہ اپنے دوستوں میں تقسیم کروں گا اور اُن کے ساتھ مل کر یہ جشن مناؤں گا ۔ اس سال اسکول بند ہونے کی وجہ سے ہم سکول کی طرف سے اس میں حصہ نہیں لے سکتے کیونکہ کورونا کا قہر جاری ہے۔ ہم اُمید کرتے ہیں کہ اگلے سال آزادی کا جشن ہم جیسے پہلے مناتے تھے ، ویسے ہی منائیں ۔

    دوسری طرف جموں میں دکاندار بھی ان دنوں اچھا کاروبار کر رہے ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ کووڈ کی وجہ سے مجموعی طور پر کاروبار کم ہے ۔ تاہم وہ کچھ دنوں سے یوم آزادی سے متعلقہ کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ دیکھ رہے ہیں ۔ راجیو کمار ایک دکاندار نے کہا کہ پچھلے کچھ دنوں سے ہمارا کاروبار اچھا چل رہا ہے ۔ یومِ آزادی کے مدنظر کافی لوگ خریداری کر رہے ہیں ، جس میں ٹوپیاں، ٹی شرٹس، ترنگے، چوڑیاں وغیرہ لینے کے لئے آرہے ہیں ۔

    جموں و کشمیر حکومت نے پہلے ہی آزادی کے 75 ویں سال کو بڑے پیمانے پر منانے کی ہدایت دی ہے۔  لوگ واضح طور پر اپنے گھروں اور اپنے علاقوں میں ترنگا لہرائیں گے۔ وہیں اگر جموں کے دوسرے خطوں میں نظر ڈالیں وہاں بھی بازاروں میں کافی رونق دیکھنے کو مل رہی ہے۔ لوگوں میں آزادی کے جشن کو لے کر کافی جوش میں نظر آرہا ہے ۔ انتظامیہ بھی پوری تیاریوں میں لگی ہوئی ہے تاکہ اس دن کو اچھے سے منایا جاسکے ۔
    Published by:Imtiyaz Saqibe
    First published: