ہوم » نیوز » جموں وکشمیر

جموں و کشمیر : کورونا وائرس کے 59 نئے معاملات آئے سامنے ، دو خواتین کی موت ، پولیس اہلکار اور ڈاکٹرس بھی زد میں

جموں و کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آئے کل 59 کیسوں میں پولیس کے 21 اہلکاروں کے علاوہ اننت ناگ ضلع سے 12 ، کپواڑہ سے سات ، سرینگر سے پانچ اور بڈگام سے چار مریض شامل ہیں ۔

  • Share this:
جموں و کشمیر : کورونا وائرس کے 59 نئے معاملات آئے سامنے ، دو خواتین کی موت ، پولیس اہلکار اور ڈاکٹرس بھی زد میں
علامتی تصویر

جموں و کشمیر میں جمعرات کووڈ 19 کے کل 59  معاملات سامنے آئے ، جن میں کولگام میں تعینات 21 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں ۔ پولیس کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق کورونا مثبت پائے گئے پولیس اہلکار کسی عوامی جگہ  یا پولیس تھانہ میں تعینات نہیں تھے ، بلکہ قصبہ سے تین کلو میٹر دور ایک الگ جگہ پر ریزرو رکھے گئے تھے ۔ لہذا ان کی وجہ سے انفیکشن پھیلنے کے امکانات نہیں ہیں ۔ واضح رہے کہ کچھ دنوں قبل 18 مئی کو جنوبی کشمیر کے ہی اننت ناگ ضلع کی پولیس لائن میں 55 پولیس اہلکار کورونا مثبت پائے گئے تھے ، جن میں سے زیادہ تر جے اینڈ کے آرمڈ پولیس سے تعلق رکھتے تھے ۔ کشمیر وادی میں ابھی تک 100 سے زائد پولیس اہلکار کورونا پازیٹیو پائے گئے ہیں ، جن میں سے 99 جنوبی کشمیر کے اننت ناگ اور کولگام میں سامنے آئے ہیں ۔


گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آئے کل 59 کیسوں میں پولیس کے 21 اہلکاروں کے علاوہ اننت ناگ ضلع سے 12 ، کپواڑہ سے سات ، سرینگر سے پانچ اور بڈگام سے چار مریض شامل ہیں ۔ آج کے نئے معاملات میں ایک ڈاکٹر بھی شامل ہیں ، جو ایس ایم ایچ ایس اسپتال سرینگر میں انٹرن شپ کررہا ہے۔ جمعرات کو دو کووڈ 19 مریضوں کی موت بھی واقع ہوئی ۔


جی ایم سی سرینگر میں کمیونٹی میڈیسن کے صدر شعبہ ڈاکٹر ایس سلیم خان کے مطابق  بڈگام ضلع سے تعلق رکھنے والی 70 سالہ خاتون 21 مئی کو چیسٹ ڈیزیز اسپتال سرینگر میں وفات پا گئیں۔ ان کے  مطابق اس خاتون کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی ۔ اس خاتون کو پہلے ایس ایم ایچ ایس اسپتال سرینگر میں 15 مئی کو داخل کیا گیا تھا اور 18 مئی کو کورونا مثبت پائے جانے کے بعد اس کو سی ڈی اسپتال منتقل کردیا گیا تھا ، جہاں جمعرات کی دوپہر اس کی موت ہوگئی ۔


دوسری فوت شدہ خاتون کا تعلق بمنہ سرینگر سے ہے ۔ ان کی عمر 80 سال تھی اور ان کی موت ایس ایم ایچ ایس اسپتال سرینگر میں کل رات ہوئی تھی ، لیکن کورونا وائرس کی ٹیسٹ رپورٹ آنے تک لاش  اسپتال کے مردہ  خانہ میں رکھی گئی تھی ۔ جمعرات کو رپورٹ کووڈ 19 پازیٹیو آئی اور انھیں کویڈ لائحہ عمل کے اعتبار سے لواحقین کے حوالے کیا گیا ۔ ان دو مریضوں کی موت کے ساتھ جموں و کشمیر میں کووڈ 19 سے مرنے والوں کی تعداد 20 ہوگئی ۔ نئے 59 معاملات کے ساتھ جموں و کشمیر میں کورونا مریضوں کی کل تعداد 1449 ہوگئی ، جن میں سے 745 ایکٹیو مریض ہیں اور 684 ابھی تک صحتیاب ہوئے ہیں ۔
First published: May 22, 2020 12:54 AM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading