ہوم » نیوز » جموں وکشمیر

جموں و کشمیر : کورونا وائرس کی دوسری لہر کی شدت کے پیش نظر کورونا کرفیو میں توسیع

Jammu and Kashmir News : شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ بوپندر کمار نے حکم جاری کیا ، جس میں کہا گیا کہ کورونا کرفیو کی مدت میں سترہ مئی صبح سات بجے سے بڑھا کرچوبیس مئی صبح سات بجے تک توسیع کردی گئی ہے

  • Share this:
جموں و کشمیر : کورونا وائرس کی دوسری لہر کی شدت کے پیش نظر کورونا کرفیو میں توسیع
جموں و کشمیر : کورونا وائرس کی دوسری لہر کی شدت کے پیش نظر کورونا کرفیو میں توسیع

بڈگام : کورونا وائرس کی دوسری لہر میں لگاتار شدت کے پیش نظر جاری کورونا کرفیو کی مدت میں توسیع کردی گئی ۔ شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ بوپندر کمار نے حکم جاری کیا ، جس میں کہا گیا کہ کورونا کرفیو کی مدت میں سترہ مئی صبح سات بجے سے بڑھا کرچوبیس مئی صبح سات بجے تک توسیع کردی گئی ہے ۔ حکم نامہ میں یہ کہا گیا ہے کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ دوہزار پانچ انڈر سیکشن چونتیس کے تحت یہ حکم نامہ صادر کیا گیا ۔ حکم نامہ میں ایسینشیل سروسز کو مستثنی رکھا گیا ۔ حکم نامہ میں واضح طور پر کہا گیا کہ جو بھی خلاف ورزی کرے گا ، اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔


ادھر وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں بھی کورونا وائرس کے معاملات بڑھنے کے پیش نظر ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ شہباز مڑزا نے بھی ایک حکم نامہ صادر کرکے کورونا کرفیو میں توسیع کا اعلان کیا ۔ بڈگام میں سترہ مئی سے چوبیس مئی تک کورونا کرفیو کی مدت میں توسیع کی گئی ہے ۔ حکم نامہ میں کہا گیا کہ لوگوں کو کووڈ سے بچانے کیلئے یہ قدم اٹھایا گیا ہے ۔ لوگوں کو گھروں کے اندر ہی رہنے کیلئے کہا گیا۔


وادی کے مختلف اضلاع میں بھی توسیع کی گئی ۔ یہاں جگہ جگہ بندشوں کے نتیجے میں لاکھوں نفوس پر مشتمل آبادی گھروں میں ہی محصور ہے ۔ سخت ترین بندشوں کے نتیجے میں سڑکوں سے ٹریفک کی نقل و حمل بھی غائب  ہے جبکہ بازاروں میں پوری طرح ہو کا عالم ہے ۔ لوگوں کی نقل و حمل پر مکمل روک لگانے کیلئے سیکورٹی فورسز اور پولیس نے جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کررکھی ہیں ۔


کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کیلئے اُٹھائے گئے اقدامات سے اگرچہ عام لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ تاہم لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات ضروری ہیں اور لوگ سرکار کے اس فیصلہ پر اپنا بھر پور تعاون دینے کیلئے تیار ہیں ۔ علی محمد نامی ایک مقامی شخص نے نیوز 18 اردو کو بتایا کہ یہ اقدام لوگوں کے تحفظ کیلئے ہی اٹھائے جاتے ہیں اور وہ اس حکم نامہ پر عمل پیرا ہوں گے۔

بڈگام میں لوگوں کی نقل و حرکت روکنے کیلئے صبح سے ہی سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں کو تعینات کیاجاتا ہے ، جو ملحقہ علاقوں سے آنے والی گاڑیوں کو قصبے میں داخل ہونے سے روک رہے ہیں ۔ کرفیو سے ہر سو سناٹا چھایا رہتا ہے ۔

حکم نامہ کے بعد جموں وکشمیر پولیس کے اہلکار لاوڈ اسپیکر کے ذریعہ سے لوگوں کو آگاہ کررہے ہیں کہ وہ کورونا کرفیو پر عمل کریں اور غیر ضروری گھروں سے باہر نہ نکلیں ۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی بھی کی جارہی ہے ۔
Published by: Imtiyaz Saqibe
First published: May 16, 2021 10:55 PM IST