سری نگر: ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جموں وکشمیر دلباغ سنگھ نے دس دسمبر کو جموں خطہ کے پونچھ ضلع کا دورہ کیا دورے کے دوران ڈی جی پی نے فوج اور دیگر حفاظتی ایجنسیوں کی مشترکہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے داخلی اور سرحدی سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ ڈی جی پی نے سیکٹر چھ بریگیڈ ہیڈ کوارٹر پوٹہ ، سورنکوٹ اور 120 انفنٹری بریگیڈ، بمبر گلی کا دورہ کیا۔ انہوں نے ان مقامات پر مشترکہ سیکورٹی میٹنگوں کی صدارت بھی کی۔
ہیڈ کوارٹر بمبر گلی میں ہونے والی میٹنگ میں بریگیڈیئر وی کے سلا تھیابھی موجود رہے۔ 6 سیکٹر میں ہونے والی میٹنگ میں برگیڈیئر مندیپ سنگھ، ڈی آئی جی راجوری وویک گپتا اور فوج، پولیس اور نیم فوجی عملے کے افسران نے شرکت کی۔ دورے کے دوران ڈی جی پی کو سینئر افسران کی طرف سے دہشت گردوں اور منشیات کو کنٹرول لائن کے اس پار بھیجنے کے بارے میں پاکستانی ایجنسیوں کی جانب سے دراندازی کی کوششوں کے خلاف ایل او سی پر کیے گئے حفاظتی اقدامات کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی گئی۔
میٹنگ میں اس بات کی نشاندہی کی گئی کہ پاکستانی ایجنسیاں دہشت گردی کی سرگرمیوں کی مالی معاونت کے لیے منشیات اور ہتھیاروں کی اسمگلنگ کر رہا ہے۔ اس موقع پر ڈی جی پی کو پاکستان کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے کنٹرول لائن سے ملحقہ علاقوں میں کئے گئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیاگیا۔ دلباغ سنگھ کو حالیہ دنوں میں پاکستان کی طرف سے کی جارہی ایسی ناپاک کوششوں کو ناکام بنانے اور دہشت گردوں اور ان کے معاون افراد کو ہلاک کئے جانے سے متعلق آپریشنز کی بھی جانکاری دی گئی۔

ڈی جی پی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئےکہا کہ پاکستان جموں وکشمیر کے نوجوانوں کو منشیات کی لعنت میں دھکیلنے کی کوشش کررہا ہے، جیسا کہ انہوں نے اپنے دیگر مذموم عزائم ناکام ہونے کے بعد پنجاب میں بھی کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ایسے عزائم کو پہلے بھی ناکام بنایا گیا ہے اور مستقبل میں بھی حفاظتی عملہ پاکستان کی ایسی مذموم سازشوں کو ناکام بنائے گا۔ انہوں نے کہاکہ جموں کے راجوری اور پونچھ کے سرحدی اضلاع میں پاکستان کی پشت پناہی والی دہشت گردی کی سرگرمیوں پر کڑی نگاہ رکھی جارہی ہے اور اسی حکمت عملی کے تحت فوج ،پولیس اور نیم فوجی عملے کی جانب سے کنٹرول لائن اور داخلی علاقوں میں پاکستان کے ناپاک عزائم کوناکام بنا دیاگیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر پولیس، فوج اور دیگر سیکورٹی فورسز کے درمیان ہم آہنگی اور قریبی رابطہ کی وجہ سے ایسی بہت سی کارروائیوں کو ناکام بنایا گیا۔ سرحد اور اندرونی علاقوں میں منشیات، ہتھیاروں اور دیگر مجرمانہ سرگرمیوں کو ناکام بنانے کے لیے قریبی نگاہ رکھنے کے لیے مغل روڈ کے ساتھ ساتھ قومی شاہراہ پر ناکے قائم کرنے پر ڈی جی پی نے زور دیا۔
ڈی جی پی جموں و کشمیر نے افسران کو رینج میں دہشت گردی، دہشت گرد نیٹ ورکس اور منشیات کی اسمگلنگ کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے مربوط تال میل بنائے رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ انٹیلی جنس گرڈ کو مضبوط کریں اور فورسز کی جانب سے تیز رفتار کارروائی کے لیے قریبی تال میل کو یقینی بنائیں۔انہوں نے مجرموں اور دہشت گردوں اور دیگر مشکوک عناصر کی نقل و حرکت کو روکنے کے لیے کارروائیوں کو تیز کرنے پر بھی زور دیا۔ انسداد دہشت گردی اور احتیاطی اقدامات پر زور دیتے ہوئے انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ چوکسی بڑھا دیں تاکہ دہشت گردوں اور سرحد پار بیٹھے ان کے آقاؤں کی مذموم کوششوں کو ناکام بنایا جاسکے۔ڈی جی پی نے کہا کہ پولس پبلک دربار، سرحدی علاقوں میں باقاعدگی سے منعقد کئے جانے چاہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات اور دیگر جرائم کے خلاف جنگ میں عوام کا تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ منشیات کے استعمال اور دیگر سماجی جرائم کے خلاف جنگ میں عوام سے تعاون حاصل کریں۔ واضح رہے کہ ماضی قریب میں پاکستان کی جانب سے راجوری اور پونچھ اضلاع میں کنٹرول لائن کے اس پار دہشت گردوں کو جموں وکشمیر میں داخل کرنے اور منشیات کی اسمگلنگ کو فوج اور پولیس نے مشترکہ طور پر ناکام بنادیا۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔