ہوم » نیوز » تعلیم و روزگار

جموں و کشمیر انتظامیہ کا بڑا فیصلہ ، گیارہویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات منسوخ

جموں و کشمیر انتظامیہ نے ایک اہم فیصلے میں یو ٹی کے گیارہویں اور بارہویں جماعت کے تمام باقی ماندہ مضامین کے امتحانات منسوخ کرنے کا اعلان کیا ۔

  • Share this:
جموں و کشمیر انتظامیہ کا بڑا فیصلہ ، گیارہویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات منسوخ
جموں و کشمیر انتظامیہ کا بڑا فیصلہ ، گیارہویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات منسوخ (Image by Pexels / Representational)

جموں و کشمیر : جموں و کشمیر انتظامیہ نے ایک اہم فیصلے میں یو ٹی کے گیارہویں اور بارہویں جماعت کے تمام باقی ماندہ مضامین کے امتحانات منسوخ کرنے کا اعلان کیا ۔ یوٹی کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے دفتر نے سماجی رابطہ سائٹ ٹویٹر پر جانکاری دیتے ہوئے لکھا " کورونا وبا کے پیش نظر طالب علموں کی حفاظت اور صحت کا خیال رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن کی طرف سے سال 2020-21 سیشن کے گیارہویں اور بارہویں جماعت کے تمام ریگولر اور پرائیوٹ طالب علموں کے باقی ماندہ مضامین کے امتحانات منسوخ کر دئے گئے ہیں۔ " اس سلسلے میں مزید جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا گیا کہ جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن عنقریب ہی طالب علموں کے نتائج مشتہر کرنے اور نمبرات کی اسکیم سے متعلق لائحہ عمل مرتب کرے گا۔


یوٹی کے گرمائی زون کے بارہویں جماعت کے طالب علموں نے پہلے ہی 3 مضامین کے امتحانات میں شمولیت کی ہے ۔ جبکہ گیارہوں جماعت کے امتحانات کووڈ وبا کی وجہ سے منعقد کی نہیں ہو پائے تھے۔ آج کے اس فیصلے سے گیارہویں اور بارہویں جماعت کے طالب علموں میں موجود تذبذب اب دور ہو گیا ہے ۔ کیونکہ اس فیصلے کے بعد وہ اگلی جماعتوں کی تعلیم حاصل کرنے کی تیاری میں جٹ سکتے ہیں ۔


واضح رہے کہ جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن کی طرف سے یوٹی کے گرمائی زون میں دسویں جماعت کے ریگولر اُمیدواروں کے امتحانات پہلے ہی منسوخ کۓ گئے ہیں ۔ ادھر سرکار کی طرف سے یوٹی میں تمام تعلیمی ادارے فی الحال 15 جون تک بند رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں ۔ جبکہ یوٹی کے گرمائی زون جموں میں تمام اسکول 25 جولائی تک گرمائی تعطیلات کے لئے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔


دریں اثنا یو ٹی میں آج کووڈ کے 1098 نئے معاملے سامنے آئے ، جن میں سے 324 کا تعلق جموں سے جبکہ 774 کا تعلق کشمیر سے ہے۔ اس دوران یوٹی میں مزید 17 افراد کورونا وبا کی وجہ سے فوت ہوگئے ، جن میں سے 10 کا تعلق کشمیر جبکہ 7 کا جموں سے تھا ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یو ٹی میں 3046 افراد صحتیاب ہوئے ہیں ۔
Published by: Imtiyaz Saqibe
First published: Jun 09, 2021 09:10 PM IST