جموں : اینٹی نارکوٹکس ٹاسک فورس جموں و کشمیر نے جموں کے سرحدی علاقے میں منشیات کی ایک بڑی کھیپ ضبط کی ہے۔ اس سلسلے میں تین افراد کو حراست میں لیا گیا ہے ، جن کی شناخت نریش کمار عرف کرکا، کمل سنگھ اور بلبیر سنگھ کے طور پر ہوئی ہے ۔ اس گروپ کے قبضے سے دو کلو گرام ہیروئین برآمد کی گئی ہے ، جس کی قیمت بین الا اقوامی بازار میں چودہ کروڑ روپئے بتائی جارہی ہے۔
کاروائی کی تفصیلات دیتے ہوئے ٹاسک فورس کے ایس ایس پی ونئے کمار نے کہا کہ 19 جولائی کو ایک مصدقہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ کچھ لوگ سرحدی علاقے کھوڑ سے ہیروئین کی ایک بڑی کھیپ اکھنور لے جارہے ہیں اور اس میں ایک اسکوٹی کا استعمال کیا جارہا ہے۔ اطلاع موصول ہوتے ہی اینٹی نارکوٹکس ٹاسک فورس حرکت میں آگئی اور مختلف مقامات پر ناکے لگائے گئے ۔ ناکے پر چیکنگ کے دوران ٹاسک فورس نے اس اسکوٹی کو روکا اور تلاشی کے دوران نریش کمار نامی شخص کے قبضے سے ایک کلو گرام ہیروئین برآمد کی گئی ۔ برآمد کی گئی ہیروئین کے لفافے پر 777 کا نشان پایا گیا ، جس سے اس بات کے اشارے ملے کہ اس کاروبار کے بیرونی ملک سے تار جڑے ہوئے ہیں ۔ ٹاسک فورس کی طرف سے نریش کمار سے پوچھ تاچھ کی گئی ، جس دوران اس نے اس بات کا انکشاف کیا کہ اس کے ساتھ دو اور افراد کمل سنگھ اور بلبیر سنگھ بھی جڑے ہوئے ہیں ۔ پوچھ تاچھ کے دوران اس نے کہا کہ ایک اور ہیروئین کی پیکیٹ سرحدی علاقے میں چھپائی گئی ہے ، جس سے متعلق جانکاری انہیں دو افراد کے پاس ہے ۔ ٹاسک فورس کی طرف سے علاقہ میں کئی جگہوں پر چھاپے مارے گئے اور ان دونوں افراد سے پوچھ تاچھ کی گئی ، جس کے دوران انہوں نے قبول کیا کہ انہوں نے ہیروئین کی ایک اور پیکیٹ بین الا اقوامی سرحد سے متصل علاقہ میں چھپا رکھی ہے۔ ونئے کمار نے کہا کہ دونوں ملزمان کو متعلقہ جگہ پر لے جایا گیا اور درار کھوڑ کے مقام پر ایک اور ہیروئین کی پیکیٹ برآمد کی گئی ۔
پوچھ تاچھ کے دوران ملزمین نے کہا کہ پاکستان کے اسمگلروں کی طرف سے علاقہ میں سرحد پار سے منشیات بھیجی جاتی ہیں اور ہندوستانی علاقہ میں رہنے والے اسمگلرس ان منشیات کو جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں تک پہنچاتے ہیں ۔ ایس ایس پی نے کہا کہ اس سلسلے میں ایک کیس درج کیا گیا ہے ۔ تاکہ ان افراد کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پاکستانی اسمگلروں کے ملوث ہونے کا بھی اشارہ ملا ہے اور ان سمگلروں کو ہندوستان لاکر انہیں قانون کے مطابق سزا دلوانے کی کوشش کی جائے گی ۔ ونئے کمار نے کہا کہ اس سلسلے میں انٹر پول کی خدمات بھی حاصل کی جاسکتی ہیں ۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب منشیات کی اسمگلنگ میں پاکستان کے ملوث ہونے کا ثبوت ملا ہے ۔ پاکستان پہلے بھی کنٹرول لائن اور سرحد پر منشیات کی اسمگلنگ کرکے جموں و کشمیر میں دہشت گردی کے لئے درکار رقومات اکٹھا کرنے کی مذموم سازشیں کرتا رہا ہے۔ رواں برس جموں اور کشمیر دونوں خطوں میں پاکستان کی طرف سے منشیات کی سمگلنگ کی کئی کوششوں کو ہندوستانی فوج اور پولیس نے ناکام بنا دیا ہے ۔
Published by:Imtiyaz Saqibe
First published:
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔