ہوم » نیوز » جموں وکشمیر

جموں و کشمیر : کلاروس کپواڑہ سے لاپتہ لڑکا سات برس بعد دہلی سے بازیاب ، اہل خانہ میں خوشی کی لہر

پولیس کے مطابق اس گمشدگی کے معمہ کو حل کرنے کیلئے پولیس نے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی جو لاپتہ لڑکے کو تلاش کرنے میں جٹ گئی ۔ چنانچہ اس سلسلے میں پولیس نے تحقیقات کے دوران کئی ایک لوگوں سے شک کی بنیاد پر پوچھ تاچھ بھی کی ۔ تاہم پولیس کو ابتدا سے کوئی سراغ نہیں ملا ۔

  • Share this:
جموں و کشمیر : کلاروس کپواڑہ سے لاپتہ لڑکا سات برس بعد دہلی سے بازیاب ، اہل خانہ میں خوشی کی لہر
جموں و کشمیر : کلاروس کپواڑہ سے لاپتہ لڑکا سات برس بعد دہلی سے بازیاب ، اہل خانہ میں خوشی کی لہر

جموں و کشمیر کے کپواڑہ ضلع کے کلاروس علاقہ میں سات برس قبل گمشدگی کا ایک واقعہ رونما ہوا تھا اور اس سلسلے میں کلاروس پولیس اسٹیشن کو محمد اشرف بٹ ولد خضر محمد بٹ ساکن ڈوگری پورہ کلاروس کی جانب سے ایک درخواست موصول ہوئی تھی ، جس میں محمد اشرف بٹ نے اس بات کا انکشاف کیا تھا کہ اس کے گھر میں عبدالرشید کونسائی ولد محمد یوسف کونسائی ساکن برنناڑ کلاروس نامی ایک لڑکا کام کرتا تھا اور اس کی گھریلو مصروفیات میں ہاتھ بٹاتا تھا ۔ تاہم اس دوران چودہ برس کا یہ لڑکا بتاریخ 07/26/2013  کو اچانک گھر سے کسی کام کے سلسلے میں نکلا اور تب سے وہ واپس ہی نہیں آیا ہے ۔ اگر چہ اس نے کافی جگہ رشتہ داروں اور دیگر جگہوں پر بھی اس کی تلاش کی ، لیکن کئی روز ہوگئے کہ وہ گھر واپس نہیں آیا ،چنانچہ کلاروس پولیس اسٹیشن میں محمد اشرف بٹ نے مذکورہ لڑکے کی گمشد گی سے متعلق ایک رپورٹ درج کرائی ۔


پولیس نے اس سلسلے میں باضابط طور پر گمشدگی کے سلسلہ میں ایک کیس زیر نمبر 09 درج کرکے معاملہ کی تحقیقات شروع کر دی ۔ پولیس کے مطابق اس گمشدگی کے معمہ کو حل کرنے کیلئے پولیس نے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی جو لاپتہ لڑکے کو تلاش  کرنے میں جٹ گئی  ۔ چنانچہ اس سلسلے میں پولیس نے تحقیقات کے دوران کئی ایک لوگوں سے شک کی بنیاد پر پوچھ تاچھ بھی کی ۔ تاہم پولیس کو ابتدا سے کوئی سراغ نہیں ملا ۔


پولیس نے نہ صرف کشمیر بلکہ جموں میں بھی اس لڑکے کی تلاش جاری رکھی ، لیکن پولیس کو کسی بھی جگہ سے لاپتہ لڑکے سے متعلق کوئی جانکاری یا پختہ ثبوت یا شواہد حاصل نہیں ہوئے ، جس کے بعد اب محمد اشرف سمیت اس کے والدین نے بھی اس کے بازیاب ہونے کی امید چھوڑ دی تھی ، لیکن پولیس اس کیس کی تحقیقات میں آگے بڑھتی رہی ۔


تاہم گزشتہ روز پولیس کو سات برس بعد اس کیس میں اس وقت کامیابی حاصل ہوگئی ، جب پولیس کو یہ پختہ جانکاری ملی کہ مذ کورہ لڑکا دلی میں موجود ہے اور پولیس نے بالاخر اس کو دلی سے ہی بازیاب کرلیا ۔ جس کے بعد پولیس کے مطابق قانونی لوازمات پوری کرنے کے بعد عید کے ایک روز بعد مذکورہ لڑکے کو کلاروس میں ان کے والدین کے سپرد کر دیا گیا ۔ لواحقین نے بیٹے کی بازیابی کو پولیس کی جانب سے ان کیلئے عید کا تحفہ قرار دیتے ہوئے پولیس کا شکریہ ادا کیا ۔ تاہم سات برس بعد باپ بیٹے کے ملن پر رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے اور پورے کنبے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ۔
Published by: Imtiyaz Saqibe
First published: Aug 03, 2020 05:20 PM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading