ہوم » نیوز » جموں وکشمیر

جموں و کشمیر : کورونا سے متاثرہ افراد اور کنبوں کیلئے ایل جی نے کیا کئی بڑے اقدامات کا اعلان

Jammu and Kashmir News : منوج سنہا نے کہا کہ جن بچوں کے والدین کووڈ کی وجہ سے اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں ، انہیں سرکار کی طرف سے خصوصی وظیفہ فراہم کیا جائے گا۔

  • Share this:
جموں و کشمیر : کورونا سے متاثرہ افراد اور کنبوں کیلئے ایل جی نے کیا کئی بڑے اقدامات کا اعلان
جموں و کشمیر : کورونا سے متاثرہ افراد اور کنبوں کیلئے ایل جی نے کیا کئی بڑے اقدامات کا اعلان

جموں و کشمیر : جموں و کشمیر انتظامیہ کووڈ وبا کی روک تھام کے ساتھ ساتھ متاثرہ افراد کو راحت پہنچانے کیلئے بھی کوشاں ہے ۔ اس سلسلے میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کئی ریلیف اقدامات کا اعلان کیا ۔ سماجی رابطہ سائٹ ٹویٹر پر منوج سنہا نے لکھا کہ کووڈ وبا پر قابو پانا سرکار کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ اس موقع پر انہوں نے کووڈ سے متاثرہ خاندانوں کو راحت پہنچانے کے لیے سرکار کی طرف سے کئی اقدامات اٹھانے کا اعلان کیا۔ منوج سنہا نے کہا کہ جن خاندانوں نے کووڈ وبا کی وجہ سے اپنے واحد کماؤ فرد کو کھو دیا ہے،  ان کے بزرگ والدین بزرگ کو تاحیات ایک خصوصی پینشین دی جائے گی ۔ تاکہ وہ اپنی کفالت کر سکے۔


منوج سنہا نے کہا کہ جن بچوں کے والدین کووڈ کی وجہ سے اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں ، انہیں سرکار کی طرف سے خصوصی وظیفہ فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ سے بے وقت فوت ہونے والے افراد کے لواحقین کی مالی معاونت کی جائے گی اور اس سلسلے میں جموں کشمیر بینک کو ہدایت دی گئی ہے کہ ایسے متاثرہ لواحقین کو جلد از جلد مالی معاونت فراہم کی جائے ۔ تاکہ وہ اپنے لئے روزگار کے وسائل پیدا کر سکیں ۔ مزدور پیشہ افراد جو کورونا کرفیو اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے بے روزگار ہوئے ہیں ، ان کے بارے میں کہا گیا کہ انہیں سرکار کی طرف سے دو ماہ تک ماہانہ 1 ہزار روپے کی مالی مدد فراہم کی جائے گی۔ ان میں تمام رجسٹر شدہ کنسٹرکشن ورکرز ، گھوڑے بان ، پالکی والے اور پٹھو والے شامل ہیں۔


منوج سنہا نے اعلان کیا کہ تمام راشن کارڈ ہولڈروں کو ترجیحی بنیادوں پر راشن فراہم کیا جائے گا۔ سوشل ویلفیئر اسکیموں کے تحت فراہم کئے جانے والے امداد جیسے اولڈ ایج پینشن ، لاڈلی بیٹی اور پی ایم اے وائی نیز ایم جی نریگا کے تحت دی جانے والی تمام مراعت جلد از جلد واگزار کی جائے گی ۔ سرکار نے اس بات کا وعدہ کیا کہ مشکل کے اس دور میں اولڈ ایج ہومز ، یتیم خانوں اور دیگر ایسے اداروں کو راشن فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ہر ممکن مدد کو یقینی بنایا جائے گا۔


مختلف سیاسی جماعتوں نے ان فیصلوں پر مثبت انداز میں اپنا ردعمل ظاہر کیا ہے۔ کانگریس کے صدر جی اے میر نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کو پیشنن اور وظائف فراہم کرنے کا سرکار کا فیصلہ قابل تحسین ہے ، کیونکہ اس سے متاثرہ خاندانوں کو کافی حد تک راحت نصیب ہو گی ۔ انہوں نے تاہم کہا کہ یو ٹی انتظامیہ کو میڈیا اور کووڈ میں کام کرنے والی رضاکار تنظیموں کو بھی کورونا وارئیرس کے دائرے میں شامل کرنا چاہئے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے ترجمان اعلیٰ انیل گپتا نے نیوز 18 اُردو کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلے کافی اہم ہیں ۔ خاص کر ان لوگوں کیلئے جو اس وبا سے براہِ راست متاثر ہوئے ہیں ۔ انہوں نے تاہم اس بات پر زور دیا کہ سرکار مستحق لوگوں کی جلد از جلد نشاندہی کرے ۔ تاکہ یہ مدد مستحقین تک صحیح وقت پر پہنچ جائے ۔

ایل جی منوج سنہا نے کورونا وبا پر قابو پانے کیلئے ایس ڈی آر ایف کے تحت 55 کروڑ روپے واگزار کرنے کا اعلان کیا ۔ یہ رقم یو ٹی کے دونوں ڈویژنل کمشنروں ، تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں اور پولیس کو فراہم کی جائیں گی ۔ تاکہ وہ کووڈ وبا سے نمٹنے کیلئے ان رقومات کا بطور ایمرجنسی فنڈ استعمال کر سکے ۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ وبا پر قابو پانے کیلئے تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور ویکسین لگوانے میں پہل کریں ۔ ایل جی نے امید ظاہر کی کہ لوگوں کے اشتراک سے اس وبا پر عنقریب ہی قابو پایا جائے گا۔
Published by: Imtiyaz Saqibe
First published: May 11, 2021 06:07 PM IST