ہوم » نیوز » جموں وکشمیر

جموں و کشمیر : کورونا کی صورتحال کا ایل جی بذات خود لے رہے ہیں جائزہ ، بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کی ہدایت

Jammu and Kashmir News : منوج سنہا نے کہا کہ ڈاکٹروں اور دیگر نیم طبی عملے کو اسپتالوں میں داخل مریضوں کو بہتر علاج فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ تیمارداروں کے ساتھ ذاتی طور پر گفت و شنید کرنی چاہئے ۔ تاکہ مریض اور ان کے تیمارداروں کو کسی بھی طرح کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔

  • Share this:
جموں و کشمیر : کورونا کی صورتحال کا ایل جی بذات خود لے رہے ہیں جائزہ ، بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کی ہدایت
جموں و کشمیر : کورونا کی صورتحال کا ایل جی بذات خود لے رہے ہیں جائزہ ، بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کی ہدایت

جموں و کشمیر : جموں و کشمیر کے کووڈ اسپتالوں میں بنیادی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے انتظامیہ متحرک ہو گئی ہے۔  حالات کی سنگینیت کو دھیان میں رکھتے ہوئے یوٹی کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا تمام تیاریوں اور درکار سہولیات کا بذات خود جائزہ لے رہے ہیں ۔ کووڈ وبا سے نمٹنے کیلئے جہاں ایل جی ایک طرف متعلقہ حکام کی میٹنگوں میں صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں ۔ وہیں وہ اسپتالوں کا دورہ کر کے زمینی سطح پر کی گئی تیاریوں کا معائنہ کر رہے ہیں ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے جمعہ کے روز جموں ڈویژن کے کئی اسپتالوں کا دورہ کیا ۔ تاکہ کووڈ مریضوں کے علاج ومعالجہ کیلئے کئے گئے انتظامات کا برسر موقع جائزہ لیا جا سکے ۔


انہوں نے جموں کے میڈیکل کالج اسپتال ، گاندھی نگر اسپتال اور جموں کے چیسٹ ڈیزیز اسپتال کا دورہ کیا ۔ دورے کے دوران منوج سنہا نے ان اسپتالوں میں آکسیجن بیڈس کی تعداد کے بارے میں معلومات حاصل کیں ۔ انہوں نے ان اسپتالوں میں داخل مریضوں اور وہاں پر دستیاب بیڈس کی تعداد کے بارے میں دریافت کیا ۔ اسپتالوں میں آکسیجن جنریشن پلانٹس کی مدد سے مریضوں کو سپلائی کی جانے والی آکسیجن کے بارے میں معلومات حاصل کرتے ہوئے ایل جی منوج سنہا نے متعلقہ اسپتال انتظامیہ کو مریضوں کی ضروریات پورا کرنے کی سخت ہدایات دی ۔


دورے کے دوران ایل جی نے ایچ او ڈیز اور سینئر ڈاکٹروں کو ہدایات دی کہ وہ اسپتال میں داخل مریضوں کا علاج و معالجہ کرنے کے لیے وارڈس کا دورہ کریں ۔ منوج سنہا نے کہا کہ ڈاکٹروں اور دیگر نیم طبی عملے کو اسپتالوں میں داخل مریضوں کو بہتر علاج فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ تیمارداروں کے ساتھ ذاتی طور پر گفت و شنید کرنی چاہئے ۔ تاکہ مریض اور ان کے تیمارداروں کو کسی بھی طرح کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔


ایل جی منوج سنہا نے کووڈ اسپتالوں میں آکسیجن بیڈس کی تعداد کو بڑھانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر قدم اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ ایل جی نے سی ڈی اسپتال جموں میں اسپتال سپرنٹینڈٹ ڈاکٹر راکیشور شرما کے ساتھ تفصیلی بات چیت کے دوران اسپتال میں داخل مریضوں اور دستیاب بیڈس کی تعداد کے بارے میں جانکاری لی ۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز کچھ مریضوں نے شکایت کی تھی کہ انہیں اسپتال انتظامیہ کی جانب سے بیڈ مہیا نہیں کرائے گئے ۔ حالانکہ اسپتال سپرنٹینڈٹ نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ اسپتال میں بیڈس کی کوئی قلت نہیں ہے ۔ تاہم چند مریضوں کو بیڈ فراہم کرنے کے لیے 15 سے 20 منٹ تک انتظار کرنا پڑا تھا ۔ کیونکہ ان کے لازمی ٹیسٹ کی رپورٹ آنی باقی تھی ۔

دورے کے دوران ایل جی کو جانکاری دی گئی کہ جموں کے 2400 ایل پی ایم صلاحیت والے آکسیجن جنریشن پلانٹ کا ٹرائل رن جاری ہے اور یہ پلانٹ ہفتے کے روز یعنی 8 مئی کو چالو کیا جائے گا ، جس سے گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں میں مزید 125 آکسیجن بیڈ میسر ہو پائے گے ۔

واضح رہے کہ ایل جی نے جمعرات کو حکام سے جموں ڈویژن میں اگلے پانچ روز کے دوران 1325 آکسیجن بیڈس دستیاب کرانے کی ہدایت کی تھی ۔ انہوں نے ویکسینیشن کے عمل کو مزید تیز اور فعال بنانے کیلئے متعلقہ ڈپٹی کمشنروں اور سی ایم اوز کو آپسی تال میل کے تحت کام کرنے کی ہدایت دی ۔
Published by: Imtiyaz Saqibe
First published: May 07, 2021 08:40 PM IST