ہوم » نیوز » جموں وکشمیر

جموں و کشمیر : ایل جی منوج سنہا کی یقین دہانی، کشمیری پنڈت مہاجرین کی ہوگی واپسی ، جلد ہی کیا جاسکتا ہے بڑے پیکج کا اعلان

Jammu and Kashmir News : جموں میں ایک پریس کانفرنس کے دوران منوج سنہا کا کہنا تھا کہ وہ کشمیری پنڈتوں کے حوالے سے کچھ بڑے پیکیجز پر کام کر رہے ہیں ۔ تاکہ ان کی گھر واپسی اور باز آبادکاری یقینی بنائی جاسکے ۔

  • Share this:
جموں و کشمیر : ایل جی منوج سنہا کی یقین دہانی، کشمیری پنڈت مہاجرین کی ہوگی واپسی ، جلد ہی کیا جاسکتا ہے بڑے پیکج کا اعلان
جموں و کشمیر : ایل جی منوج سنہا کی یقین دہانی، کشمیری پنڈت مہاجرین کی ہوگی واپسی ، جلد ہی کیا جاسکتا ہے بڑے پیکج کا اعلان

جموں : جموں و کشمیر کے ایل جی منوج سنہا کا کہنا ہے کہ کشمیری پنڈتوں کی گھر واپسی اور باز آبادکاری کے حوالے سے بہت جلد کچھ بڑے فیصلے لئے جائیں گے ۔ جموں میں ایک پریس کانفرنس کے دوران منوج سنہا کا کہنا تھا کہ وہ کشمیری پنڈتوں کے حوالے سے کچھ بڑے پیکیجز پر کام کر رہے ہیں ۔ تاکہ ان کی گھر واپسی اور باز آبادکاری یقینی بنائی جاسکے ۔


یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ کشمیری پنڈتوں کی واپسی اور باز آبادکاری کا معاملہ اس وقت گرمایا جب ایل جی انتظامیہ کی جانب سے یہ بیان سامنے آیا کہ کشمیری پنڈتوں کو پی ایم پیکیج کے تحت چھ ہزار نوکریاں فراہم کی جائیں گی اور ان کے لئے چھ ہزار گھر بھی تعمیر ہوں گے ۔ اس بیان پر کشمیری پنڈتوں نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے سوال اُٹھایا کہ چھ ہزار نوکریاں اور چھ ہزار گھر تعمیر کرنے کا فیصلہ منموہن سنگھ سرکار نے سال دو ہزار نو میں کیا تھا اور اس میں نیا کچھ نہیں ہے ۔


کشمیری پنڈتوں نے سوال اُٹھایا کہ موجودہ مودی سرکار نے آج تک ان کے لئے کیا کیا ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ کرنا بھی ضروری ہے کہ کشمیری پنڈت گزشتہ تیس سال سے جموں کے مائیگرنٹ کیمپ اور ملک کے دیگر حصوں میں جلاوطنی کی زندگی گزار رہے ہیں اور بات بازآباد کاری کی ہو یا گھر واپسی کی ، اس معاملے میں کشمیری پنڈت اس وقت بھی مایوسی کے شکار ہیں  ۔ ان مائگرینٹوں کو نہ صرف بہت کم ریلیف دیا جارہا ہے ، بلکہ اس وقت جو کشمیری پنڈت کشمیر میں اپنی ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں ، ان کو بھی کشمیر میں کئی طرح کی مشکلات کا سامنا ہے ۔


تنقید کی زد پر آنے کے بعد اب جو ایل جی کا بیان سامنے آیا ہے ، اس سے کشمیری پنڈت انتہائی خوش ہیں ۔ ایل جی کے مطابق کشمیری پنڈتوں کی واپسی اور بازآباد کاری کے حوالے سے وہ جو بڑے فیصلے لینے جارہے ہیں ان کے متعلق کشمیری پنڈتوں نے سوچا بھی نہیں ہوگا ۔ ادھر ایل جی کی جانب سے یہ بیان سامنے آنے کے بعد کشمیری پنڈتوں کی مختلف تنظیموں جن میں یوتھ آل انڈیا کشمیری سماج ، مائیگرنٹ کوآرڈینیشن کمیٹی اور دیگر تنظیمیں شامل ہیں ، نے ایل جی کے اس بیان کا خیر مقدم کیا ہے ۔

ان کا کہنا ہے کہ سبھی متعلقین کو ایک جگہ بیٹھ کر اس مسئلے پر بات کرنی ہوگی ۔ تاکہ سبھی کو اعتماد میں لے کر آگے بڑھا جاسکے اور کشمیری پنڈت ایک دردناک دور کے بعد پھر ایک باوقار طریقے سے اپنی زندگی گزار سکیں ۔
Published by: Imtiyaz Saqibe
First published: Mar 26, 2021 12:56 PM IST