ہوم » نیوز » جموں وکشمیر

جموں و کشمیر : 28 جون سے امرناتھ یاترا کی ہوگی شروعات ، یکم اپریل سے رجسٹریشن

شری امرناتھ جی شرائن بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ امسال یاترا کی مدت 56 روز ہوگی جو 28 جون 2021 سے شروع ہو کر 22 اگست 2021 یعنی رکھشا بندھن کے تہوار کے موقع پر اختتام پذیر ہوگی۔

  • UNI
  • Last Updated: Mar 13, 2021 09:05 PM IST
  • Share this:
جموں و کشمیر : 28 جون سے امرناتھ یاترا کی ہوگی شروعات ، یکم اپریل سے رجسٹریشن
جموں و کشمیر : 28 جون سے امرناتھ یاترا کی ہوگی شروعات ، یکم اپریل سے رجسٹریشن

شری امرناتھ جی شرائن بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ امسال یاترا کی مدت 56 روز ہوگی جو 28 جون 2021 سے شروع ہو کر 22 اگست 2021 یعنی رکھشا بندھن کے تہوار کے موقع پر اختتام پذیر ہوگی۔ سرکاری ترجمان نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا جو کہ شری امر ناتھ جی شرائن بورڈ کے چئیرمین بھی ہیں، نے ہفتے کو یہاں راج بھون میں شری امرناتھ جی شرائین بورڈ کی 40 ویں بورڈ میٹنگ کی صدارت کی۔ میٹنگ میں بتایا گیا ہے کہ یاترا حکومت کی جانب سے وضح کئے گئے کووڈ 19 ایس او پیز کے رہنما خطوط کے تحت ہی منعقد کی جائے گی۔ یاتریوں کا پیشگی اندراج یکم اپریل 2021 سے پنجاب نیشنل بینک، جموں کشمیر بینک اور یس بینک کی نامزد 446 شاخوں کے ذریعے کی جائے گی جو 37 ریاستوں اور یوٹیز میں واقع ہیں۔


بورڈ صبح اور شام کی آرتی براہ راست دنیا بھر کے عقیدت مندوں کے لئے ٹیلی کاسٹ کر رہا ہے ، جس کے ذریعے یاترا پر نہ آنے والے یاترا کو ورچوئل درشن کریں گے ۔ اس کے علاوہ یاتری گوگل سٹور پر دستیاب شری امر ناتھ جی یاترا ایپ ڈاون لوڈ کر کے یاترا سے متعلق ضروری اطلاعات اور آن لائن دستیاب سہولیات کے بارے میں جانکاری حاصل کر سکتے ہیں ۔


میٹنگ کے دوران بورڈ نے یاتریوں کی روزانہ راہ گزر وار آمد کو 7500 یومیہ فی راہ گزر سے بڑھا کر دس ہزار یومیہ فی راہ گزر کی تعداد مقرر کی ہے اس کے علاوہ یاتری ہیلی کاپٹروں سے بھی یاترا پر آ سکتے ہیں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے اکھاڑہ پریشدوں، اچاریہ پریشدوں کے لئے خصوصی دعوت نامے جاری کرنے کی ہدایت دی ہے اور اس ضمن میں ملک کے معروف مذہبی مقامات پر سادھووں کے لئے کاونٹر کھولنے کے امکانات کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت دی۔


یاترا پر آنے والے یاتریوں کے لئے بہترین صحت سہولت بہم رکھنے پر زور دیتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے متعلقہ افسروں کو موجودہ صحت سہولیات دونوں یاترا راہ گزروں پر قائم کرنے کے لئے کہا۔ مواصلات کو مستحکم بنانے کے ضمن میں لیفٹیننٹ گورنر نے یاترا شروع ہونے سے دو ہفتہ قبل پوتر گپھا اور یاترا راستوں پر مواصلاتی خدمات چالو کرنے کی ہدایت دی۔

میٹنگ میں بیس کیمپوں اور یاترا کے راستوں پر یاتریوں کی تعداد میں اضافہ کرنے کے پیش نظر حفظان صحت سہولیات کو توسیع دینے کی بھی ہدایت دی گئی۔ میٹنگ کے دوران شری امرناتھ جی شرائن بورڈ نے پجاریوں کے مشاہروں میں اضافہ کر کے اسے موجودہ ہزار روپے یومیہ سے بڑھا کر 1500 روپے یومیہ اگلے تین سال تک بڑھانے کا فیصلہ لیا۔

اس کے علاوہ یاتریوں، خدمات فراہم کرنے والوں کے لئے گروپ ایکسیڈنٹل انشورنس کی رقم میں اضافہ کر کے اسے تین لاکھ سے پانچ لاکھ کرنے کا فیصلہ لیا گیا ۔ جبکہ خچروں کے لئے بیمہ کی رقم 20 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار روپے کی گئی۔
Published by: Imtiyaz Saqibe
First published: Mar 13, 2021 09:05 PM IST