جموں وکشمیر: جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے آج لنگروں اور بھنڈاروں کی مختلف ایسوسی ایشنز کے ارکان کے ساتھ نئی دہلی میں شری امرناتھ یاترا کے سلسلے میں تبادلہ خیال کیا۔ یہ غیر سرکاری تنظیمیں سالانہ امرناتھ یاترا کے دوران یاتریوں کی خدمت کرتی ہیں۔ شری امرناتھ برفانی لنگرس آرگنائزیشن اور امرناتھ یاترا بھنڈارا آرگنائزیشن (SAYBO) کی نمائندگی کرنے والے تقریباً 20 ارکان نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی اور یاترا کو احسن طریقے پر منعقد کرنے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔ میٹنگ میں لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سکریٹری نتیشور کمار نےبھی شرکت کی۔ ایڈیشنل سی ای او، ایس اے ایس بی، راہل سنگھ اور دیگر افسران بھی میٹنگ میں موجود رہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نےکہا کہ یوٹی حکومت یاتریوں کے لیے عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کے علاوہ مقدس گھپا کی یاترا کے دوران لنگروں اور بھنڈاروں کی سہولت فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ مقدس یاترا ہمدردی، روحانیت، خدمت اور امن کی علامت ہے۔ منوج سنہا نے کہاکہ یاترا کو آرام دہ بنانے کے لیے مسلسل کوششیں کی جا رہی ہیں۔میٹنگ کے دوران لیفٹیننٹ گورنر نے انجمنوں کے نمائندوں کو گزشتہ دو برسوں میں یاتریوں کے لیے سہولیات کی خاطر خواہ اپ گریڈیشن اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے بارے میں مطلع کیا۔
انہوں نے کہا کہ مقدس گھپا کے درشن پر جانے والے یاتریوں کو رہائش کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے تین یاتری نواس بنائے جا رہے ہیں۔ ان میں چندرکوٹ یاتری نواس بھی شامل ہے۔ جس میں تقریباً 3200 یاتری ایک ساتھ قیام کرسکتے ہیں۔اس کے علاوہ جموں یاتری نواس اور سری نگر یاتری نواس میں بالترتیب 3000 اور 2250 یاتریوں کی رہائش کی گنجائش رہے گی۔ لنگر ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے یو ٹی حکومت کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے مالیاتی اور بنیادی ڈھانچے کے لیے درکار وسائل کے حوالے سے عطیات کے ذریعے اپنی مدد کی پیشکش بھی کی۔ انجمنوں نے یاتریوں کے لیے بنیادی ڈھانچہ تعمیر کرنے اور سہولیات میں مزید بہتری کے لیے کچھ تجاویز بھی پیش کیں۔ ایس اے ایس بی کے ایڈیشنل سی ای او راہل سنگھ نےامرناتھ شرائن بورڈ کی موجودہ سہولیات اور بنیادی ڈھانچے کے بارے میں جانکاری دی۔
قومی، بین الااقوامی، جموں و کشمیر کی تازہ ترین خبروں کے علاوہ تعلیم و روزگار اور بزنس کی خبروں کے لیے نیوز18 اردو کو ٹویٹر اور فیس بک پر فالو کریں۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔