جموں وکشمیر سے متعلق نئی فلم پالسی کے اعلان کا بالی ووڈ اور مقامی فلم سازوں نے خیر مقدم کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس نئی فلم پالیسی سے نہ صرف جموں و کشمیر میں فلم سازی کو فروغ ملے گا ، بلکہ یوٹی میں سیاحت کی صنعت کو بھی کافی فروغ حاصل ہوگا ، جس کے طفیل جموں وکشمیر میں مختلف طبقوں سے وابستہ افراد کے لیے روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔ جموں وکشمیر کے مشہور بالی ووڈ اداکار اور فلم ساز میر سرور کا کہنا ہے کہ اس نئی فلم پالیسی میں بالی ووڈ کے فلم سازوں اور علاقائی زبانوں میں فلمیں بنانے والے افراد کے لئے کئی مراعات کا ذکر کیا گیا ہے۔ نیوز18 اردو کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے میر سرور نے کہا کہ وہ خود بھی ایک فلم ساز ہیں اور چاہتے ہیں کہ ایک مقامی فلم ساز ہونے کے ناطے انہیں اور جموں وکشمیر کے دیگر مقامی فلم سازوں کو اس پالیسی کی روح سے یکساں فوائد مل سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں ان کے ذہن میں کچھ شکوک و شبہات ہیں ، جنہیں دور کرنے کے لیے وہ متعلقہ اہلکاروں سے تبادلہ خیال کریں گے۔ میر سرور نے کہاکہ مقامی فلم سازوں کے لیے اس نئی فلم پالیسی میں ان کے لئے یکساں فوائد موجود ہونے کے بارے میں شکوک وشبہات دور ہونے پروہ یقیناً اس کا خیر مقدم کریں گے۔
کشمیر کے نامور فلم ساز گل ریاض کا کہنا ہے کہ نئی فلم پالیسی کا اعلان مقامی اور باکی ووڈ فلم سازوں کے لیے نہایت ہی خوش آئند قدم ہے۔ نیوز18 اردو کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے گل ریاض نے کہا کہ ایک مقامی فلم ساز ہونے کے ناطے وہ اس نئی فلم پالیسی کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کے مقامی فلم سازوں کو فلم بناتے وقت اکثر مالی دشواریوں کا سامنا رہتا ہے ۔ چونکہ اس پالیسی کے تحت اب انہیں مالی مدد فراہم کی جاسکتی ہے ، جس کے سبب اب مقامی فلم ساز اچھے اداکاروں کے ساتھ بہترین فلمیں بنا سکتے ہیں ۔
نامور اداکار سدھیر چموال نے نئی فلم پالیسی کا اعلان کئے جانے پر جموں وکشمیر انتظامیہ خاص طور پر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس پالیسی سے مقامی اداکاروں اور دیگر فنکاروں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوجائیں گے ۔ نیوز18 اردو کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ نئی فلم پالیسی جلد از جلد لاگو کی جانی چاہئے ۔ تاکہ اس کے فوائد مقامی فلم سازوں اور دیگر افراد تک پہنچ پائیں۔
جموں وکشمیر کے مشہور فلم ساز مشتاق بالا نے نئی فلم پالیسی کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس پالیسی سے مقامی فلم سازوں کو کوئی خاص فائدہ یا مدد ملنے کی امید نہیں ہے۔ نیوز18 اردو کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے مشتاق بالا نے کہا کہ نئی فلم پالیسی میں علاقائی فلم پالیسی کو بڑھاوا دینے سے متعلق کوئی خاص ذکر نہیں کیا گیا ہے ۔
واضح رہے کہ پانچ اگست کو جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے سرینگر میں جموں وکشمیر سے متعلق نئی فلم پالیسی کا اعلان کیا۔ سرینگر میں منعقدہ تقریب پر نئی فلم پالیسی متعارف کئے جانے کے موقعے پر ایل جی نے کہا کہ اس پالیسی کے تحت جموں وکشمیر میں فلم شوٹنگ کے لیے سنگل ونڈو سسٹم کی سہولیات دستیاب ہوگی ۔ یعنی فلم کی شوٹنگ کرنے والے مقامات ابھرتے اداکار اور فلم مکمل کرنے سے متعلق دیگر سہولتیں مہیا کرائی جائیں گی۔
اس پالیسی کے تحت جے اینڈ کے فلم ڈیولپمنٹ کونسل کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا۔ فلم ساز اپنی نئی فلمیں بنانے میں اس پالیسی کا فائدہ اٹھانے کے لیے آن لائن درخواستیں دے سکتے ہیں اور منظوری ملنے پر انہیں عالمی سطح کی سہولیات بہم رکھنے کے ساتھ ساتھ خصوصی مراعات دے دی جائیں گی۔ نئی فلم پالیسی متعارف کرانے کے موقع پر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے دنیا بھر کے فلم سازوں کو فلمیں بنانے کے لیے جموں وکشمیر آنے کی دعوت دی۔ اب جبکہ یہ نئی فلم پالیسی متعارف ہوچکی ہے تو یہ دیکھنا کافی دلچسپ ہوگا کہ اس سے کب لاگو کیا جائے گا ۔ تاکہ اس کے ثمرات لوگوں تک پہنچ سکے۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔