Jammu and Kashmir: جموں خطے کے ادھمپور قصبے میں آج ہوئے دھماکے کی تحقیقات جاری ہے۔ اس دھماکے میں ایک شہری کی موت واقع ہوئی جبکہ چودہ دیگر عام شہری زخمی ہوگئے۔ یہ دھماکہ ادھمپور قصبے کے سلاتھیہ چوک میں آج دوپہر کے قریب پیش آیا ، جس کے نتیجے میں پندرہ افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو ادھمپور کے ضلع اسپتال منتقل کیا گیا ، جہاں ایک شخص زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا۔ دھماکے کے فوراً بعد سئینر پولیس آفسران حالات کا جائزہ لینے کے لیے جائے واردات پر پہنچے۔ اے ڈی جی پی مکیش سنگھ نے این آئی اے کے اہلکاروں اور حفاظتی عملے کے دیگر افسران کے ہمراہ جائے وقوع کا دورہ کیا۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ابتدائی طور پر ایسا لگ رہا ہے کہ یہ ایک بارودی سرنگ کا دھماکہ ہے ۔ تاہم اصل حقائق مکمل تحقیقات کے بعد ہی سامنے آئیں گے۔ مکیش سنگھ نے کہا،" دوپہر بارہ بجکر پندرہ منٹ کے قریب اس مقام سے دھماکے کی آواز آئی جس میں چودہ افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ ایک شخص کی موت ہوئی ہے۔شروعاتی جانچ سے ایسا لگ رہا ہے کہ یہ بارودی سرنگ کا دھماکہ ہے۔تاہم جب فارنسک ماہرین دھماکے کی جگہ سے حاصل کئے گئے نمونوں کی جانچ کریں گے تبھی اس بارے میں مزید معلومات مل سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دھماکے کی وجوہات کی تفصیلات کے بارے میں ابھی حتمی طور پر کچھ بھی بتانا ممکن نہیں ہے ۔ جانچ چل رہی ہے اور ایسا لگ رہا ہے کہ دھماکہ کرنے کے لئے کچھ ایسا مواد استعمال کیا گیا ہے جس کا اثر دور تک نہیں گیا۔اسی چھوٹے سے دائرے میں جو لوگ موجود تھے وہی زخمی ہوئے ہیں مزید جانکاری تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی میڈیا کے سامنے رکھی جائے گی۔

سیکورٹی ایجنسیاں دھماکہ کی جانچ میں مصروف ہوگئی ہیں ۔
وہیں عینی شاہدین کے مطابق اس علاقے میں معمول کی سرگرمیاں جاری تھیں کہ اچانک دھماکے کی آواز آئی جس کے باعث لوگوں میں افراتفری مچ گئی۔چند منٹوں کے بعد وہاں کئی لوگ زخمی حالت میں پائے گئے جنہیں مقامی لوگوں اور پولیس نے ضلع اسپتال ادھمپور منتقل کیا۔ ایک عینی شاہد سبہاش شرما نے کہا،" میں اس مقام سے کچھ دوری پر موجود تھاکہ اچانک ایک بڑی آواز سنائی دی اور لوگ ادھر ادھر بھاگنے لگے۔ میں بھی محفوظ مقام کی طرف بھاگ گیا تاہم کچھ دیر کے بعد میں نے اس مقام کا رخ کیا تو وہاں سبزیاں اور پھل بکھرے پڑے تھے لوگوں نے بتایا کہ یہاں ایک دھماکہ ہوا جس میں کئی افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں اسپتال پہنچا دیا گیاہے" ۔
اسی دوران کئی سیاسی تنظیموں اور لیڈران نے اس دھماکے کی مذمت کی ہے ۔ نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور جموں وکشمیر کے سابق وزیر اعلی عمر عبداللہ نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے جاں بحق ہوئے شخص کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کی۔ عمر عبداللہ نے اپنے ٹویٹ میں لکھا : " مجھے اس حملے سے کافی افسوس ہوا ہے جس میں ایک شخص کی جان گئی اور کئی دیگر زخمی ہوگئے میں اس حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہوں اور زخمی افراد کے ساتھ ہمدردی ظاہر کرتاہوں" ۔
پی ڈی پی صدر اور جموں وکشمیر کی سابق وزیر اعلی محبوبہ مفتی نے بھی ادھمپور دھماکے کی مذمت کی۔ محبوبہ مفتی نے ٹویٹ کرکے لکھا : " میں اس حملے میں مارے گئے شخص کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت اور زخمی افراد کی جلد صحت یابی کی دعا کرتی ہوں " جموں وکشمیر اپنی پارٹی کے صدر سید الطاف بخاری نے ایک بیان جاری کرکے اس حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
حالانکہ ادھمپور ضلع کے چند پہاڑی علاقے ماضی میں دہشت گردی سے متاثر رہے ہیں ۔ تاہم ادھمپور قصبے میں کوئی بھی دہشت گردانہ واقع پیش نہیں آیا ہے ، لہذا پولیس اور دیگر تحقیقاتی ایجنسیاں آج پیش آئے اس دھماکے کی ہر زاویہ سے جانچ کرنے میں جٹ گئی ہیں ۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔