جموں و کشمیر: آزادی کا امرت مہوتسو کے زیراہتمام ہر گھر ترنگا مہم کے تیسرے دن جموں و کشمیر پولیس نے آج جموں و کشمیر بھر میں مختلف پروگراموں کا اہتمام کیا۔ پروگراموں کو زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی جانب سے زبردست ردعمل دیکھنے کو مل رہا ہے۔ ضلع پولیس ڈوڈہ، پونچھ، راجوری، بڈگام، آ پی ایچ کیو- بارہمولہ، اونتی پورہ، کپواڑہ، سانبہ، ریاسی، سوپور، سانبہ کے علاوہآئی آر پی کی مختلف بٹالینوں کی طرف سے آج ہر گھر ترنگا پروگرام منعقد کئے گئے ۔
مہم کے ایک حصے کے طور پر ڈسٹرکٹ پولیس راجوری نے ڈی پی ایل راجوری سے گوجر منڈی تک ترنگا ریلی اور بینڈ شو کا اہتمام کیا۔ ریلی میں تقریباً 3000 پولیس اہلکار، مختلف محکموں کے ملازمین، سول سوسائٹی کے ارکان اور اسکول کے طلباء نے شرکت کی۔ مارچ کے دوران، پولیس بینڈ نے حب الوطنی کی دھنیں بجائیں۔ ریلی کو عوام کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی۔ ڈی آئی جی آر پی رینج ڈاکٹر حسیب مغل، ڈی سی راجوری وکاس کنڈل، ایس ایس پی راجوری اور پولیس، سی اے پی ایف اور سول انتظامیہ کے دیگر اعلیٰ افسران نے بھی ریلی میں شرکت کی۔
ڈوڈہ میں اسپورٹس اسٹیڈیم ڈوڈہ سے اولڈ بس اسٹینڈ ڈوڈہ تک ایک مشترکہ میگا ریلی نکالی گئی، جس میں سول انتظامیہ، ضلعی پولیس، ڈوڈہ، پولیس بینڈ ڈوڈہ، این سی سی کیڈٹس، ہوم گارڈ، اور ڈوڈہ کے مختلف اسکولوں کے تقریباً 1000 بچوں نے حصہ لیا۔ بھدرواہ، ٹھٹھری، گندوہ، اسر کستی گھر، بھلہ اور گوہا میں بھی ترنگا ریلیاں نکالی گئیں۔
ایس ایس پی پونچھ شری روہت باسکوترا کی قیادت میں ضلع پولیس پونچھ نے ڈی پی ایل پونچھ سے ترنگا ریلی نکالی اور پورے پونچھ شہر کا احاطہ کیا۔ اس کے علاوہ علاقہ کے مقامی لوگوں نے ریلی میں حصہ لیا۔ ریاسی پولیس نے ضلع ریاسی میں مباحثہ اور سمپوزیم مقابلوں کا انعقاد کیا۔ اسکولوں میں سمپوزیم مقابلے کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد آزادی کا امرت مہاتسو اور ہر گھر ترنگا مہم کے بارے میں بیداری پیدا کرنا، قومی پرچم کے استعمال اور ہر گھر پر اسے احترام کے ساتھ ڈسپلے کرنا تھا۔
گروکل پبلک اسکول، ہائیر سیکنڈری اسکول کٹرہ، ہائر سیکنڈری اسکول ارناس میں مقابلے منعقد کیے گئے، جس میں سینکڑوں طلباء نے حصہ لیا اور مقررین نے یوم آزادی کے 75 سال اور ہر گھر ترنگا مہم کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ طلباء کے حوصلے بلند کرنے کے لیے ان میں یادگاری اسناد تقسیم کی گئیں۔ یہ تقریبات ریاسی کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس شری امت گپتا کی نگرانی میں منعقد کی گئیں۔
رینج پولیس ہیڈ کوارٹر بارہمولہ نے آج ایک ثقافتی پروگرام کا انعقاد کیا، جس کا عنوان تھا "ترنگا کی آن بان شان"۔ اس تقریب کا مشاہدہ شری رئیس محمد بھٹ، ایس ایس پی بارہمولہ و دیگر افسران نے کیا۔ ثقافتی پروگرام کے دوران دیگر سرگرمیوں کے علاوہ پولیس پبلک اسکول بارہمولہ کے اساتذہ کے ساتھ ساتھ طلباء نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر ایس ایس پی بارہمولہ نے اس تقریب کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس ملک کے ہر شہری کو ہندوستان کے وقار، خوشحالی اور سالمیت کے لیے اپنا حصہ ڈالنا چاہئے اور اپنی پوری کوشش کرنی چاہئے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہمیں اپنی نوجوان نسلوں کو زندگی کے ہر شعبے میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر ہندوستان کے ساتھ تعاون کرنے کے لئے ایک بہتر پلیٹ فارم دینا چاہئے۔ انہوں نے حال ہی میں کامن ویلتھ گیمز کے شرکاء کی بھی تعریف کی جنہوں نے اس ملک کے لیے تمغے جیتے ہیں۔
ضلع پولیس بڈگام نے بس اسٹینڈ بڈگام میں ایک اسٹریٹ شو (نکڑ ناٹک) کا انعقاد کیا، جس کی تھیم "ترنگا کی آن بان شان" تھی۔ اس میں ضلع کے مختلف فنکاروں نے حصہ لیا۔ سینکڑوں تماشائیوں نے اس شو کو دیکھا۔ تقریب کے دوران سینکڑوں جھنڈے شائقین میں تقسیم کئے گئے۔ پولیس ضلع اونتی پورہ میں متعدد مقامات پر ترنگا مارچ کا انعقاد کیا گیا جس میں مقامی نوجوانوں اور طلباء نے شرکت کی۔
کپواڑہ پولیس نے پورے ضلع میں بڑے جوش و خروش کے ساتھ ترنگا ریلیاں نکالی جس میں مختلف اسکولوں کے طلباء، اساتذہ، ملازمین، نوجوان، تاجر انجمن، ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے شرکت کی۔ پولیس ضلع سوپور میں پولیس اور سول انتظامیہ نے سوپور اور رفیع آباد میں ترنگا ریلی نکالی۔ مرکزی ریلی ایم سی آفس سے شروع ہو کر کلاک ٹاور اقبال مارکیٹ سوپور پر اختتام پذیر ہوئی۔ ایس ایس پی سوپور شبیر نواب کے علاوہ سوپور پولیس، سی آر پیبایف، راشٹریہ رایفلز اور سول انتظامیہ کے افسران/ اہلکاروں کے علاوہ مختلف اسکولوں کے طلباء، اساتذہ، ملازمین، نوجوان، معزز شہری، تاجر انجمن، ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے بھی ترنگا ریلی میں شرکت کی۔ ایس ایس پی سوپور نے اس طرح کی متاثر کن ریلی میں شرکت کے لیے طلبہ، اساتذہ اور دیگر تمام متعلقہ افراد کی کوششوں کی ستائش کی۔
’ہر گھر ترنگا‘ آزادی کا امرت مہوتسو کے زیراہتمام ایک مہم ہے جس میں لوگوں کو ترنگا گھر سے لانے اور آزادی کے 75ویں سال کے موقع پر لہرانے کی ترغیب دی جاتی ہے۔ تین رنگ کا جھنڈا ہر ہندوستانی کے لیے فخر کی علامت ہے اور یہ قومی سالمیت کی نمائندگی کرتا ہے اور ہندوستانی عوام کی امیدوں اور امنگوں کی نشاندہی کرتا ہے۔ جموں و کشمیر پولیس نے آزادی کا امرت مہاتسو منانے کے لیے 11 سے 17 اگست تک پورا ایک ہفتہ وقف کیا ہے اور ہر گھر ترنگا مہم کے تحت جموں و کشمیر پولیس کی جانب سے ہو ٹی کے ہر کونے میں مختلف قسم کے پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔