ہوم » نیوز » جموں وکشمیر

جموں و کشمیر پولیس کی جانب سے 13 فروری سے جموں میں ہوگا انٹر زون اسپورٹس میٹ کا انعقاد

پولیس ترجمان کے مطابق اس اسپورٹس میٹ میں جموں و کشمیر پولیس کے مختلف شعبوں میں تعینات پولیس اہلکار اپنی صلاحیتوں کا بھر پور مظاہرہ کریں گے اور ان ہی صلاحیتوں کی بنیاد پر جے اینڈ کے پولیس سینٹرل اسپورٹس ٹیم کا انتخاب ہوگا۔

  • Share this:
جموں و کشمیر پولیس کی جانب سے 13 فروری سے جموں میں ہوگا انٹر زون اسپورٹس میٹ کا انعقاد
جموں و کشمیر پولیس کی جانب سے 13 فروری سے جموں میں ہوگا انٹر زون اسپورٹس میٹ کا انعقاد

جموں : قومی و بین الاقوامی سطحوں پر جموں و کشمیر پولیس کی نمائندگی کرنے والی ٹیم کا انتخاب کرنے کی غرض سے جموں و کشمیر پولیس 13 فروری سے انٹر زون اسپورٹس میٹ کا انعقاد کرنے جا رہی ہے ۔ یہ اسپورٹس میٹ 2021 کا انعقاد جموں کے گلشن گراونڈ میں ہوگا ، جس کا افتتاح جموں و کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس دلباغ سنگھ کریں گے۔ اس میگا ایونٹ کا مقصد جے اینڈ کے پولیس سینٹرل اسپورٹس ٹیم کیلئے کھلاڑیوں کا انتخاب کرنا ہے ، جو آگے چل کر قومی و بین الاقوامی سطحوں پر جموں و کشمیر پولیس کی نمائندگی کریں گے۔


پولیس ترجمان کے مطابق اس اسپورٹس میٹ میں جموں و کشمیر پولیس کے مختلف شعبوں میں تعینات پولیس اہلکار اپنی صلاحیتوں کا بھر پور مظاہرہ کریں گے اور ان ہی صلاحیتوں کی بنیاد پر جے اینڈ کے پولیس سینٹرل اسپورٹس ٹیم کا انتخاب ہوگا۔ واضح رہے کہ مختلف کھیلوں کے زمروں میں اب تک پورے ملک میں جموں و کشمیر پولیس کی سینٹرل اسپورٹس ٹیم نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ جبکہ مختلف قومی و بین الاقوامی مقابلوں میں بھی اس ٹیم سے منسلک کھلاڑیوں نے اپنا لوہا منوا کر کئی چیمپیئن شپ اپنے نام کی ہیں۔


پولیس ترجمان کے مطابق انٹر زون اسپورٹس میٹ کا ایک اور مقصد یہ بھی ہے کہ پولیس سے منسلک اہلکاروں میں آپسی تال میل کا مادہ پیدا کیا جا سکے اور جموں و کشمیر یو ٹی کی مشترکہ گنگا جمنی تہذیب ، ثقافت اور ہم آہنگی سے روشناس کرانا ہے ۔ 13 فروری سے 16 فروری تک جاری رہنے والی اس اسپورٹس میٹ میں  جموں و کشمیر پولیس کے 6 زونوں سے منسلک اہلکار حصہ لیں گے۔ ان 6 زونوں میں جموں و کشمیر پولیس کے آرمڈ، ایس ڈی آر ایف، جموں ، کشمیر ،  ٹریننگ اور انٹلسیکٹ کے شعبے شامل ہیں ۔


اسپورٹس میٹ کے بنا خلل انعقاد کیلئے حتمی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور شرکا کی سہولیات کیلئے کئی  انتظامی کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔ تاکہ اس میگا ایونٹ کو احسن اور خوشگوار طریقے سے منعقد کیا جا سکے۔ اس اسپورٹس میٹ کے دوران مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین بھی مختلف کھیلوں کا حصہ بنیں گی ۔ جبکہ جی اوز زمرے میں بھی کئی کھیل کھیلے جائیں گے۔ ان کھیلوں میں 1200 سے 1500 کھلاڑیوں کی شرکت متوقع ہے۔ جبکہ گیزیٹڈ رینک کے پولیس افسران بھی جی اوز زمرے کے کھیلوں میں شرکت کریں گے۔

واضح رہے کہ تاحال جموں و کشمیر پولیس نے قومی سطح کے 14 میگا اسپورٹس ایونٹس کی میزبانی کی ہے۔ جبکہ  19 ویں آل انڈیا پولیس بینڈ مقابلے کا بھی جموں میں انعقاد ہوا تھا ، جس کے بعد کووڈ 19 کی وبا کی وجہ سے جموں و کشمیر پولیس کا اسپورٹس کلینڈر خلل کا شکار ہوا تھا ۔ تاہم حال ہی میں جموں کشمیر پولیس نے جشن ڈل و دیگر پروگراموں کے انعقاد سے اپنے اسپورٹس کلینڈر کو دوبارہ بحال کیا ہے ۔ جبکہ مستقبل میں دسمبر 2021 میں آل انڈیا پولیس جوڈو کلسٹر کا ایک بڑا پروگرام جموں میں منعقد ہونے جا رہا ہے، جس کی میزبانی بھی جموں و کشمیر پولیس کرے گی ۔
Published by: Imtiyaz Saqibe
First published: Mar 12, 2021 06:12 PM IST