ہوم » نیوز » جموں وکشمیر

جموں و کشمیر : کورونا وائرس کی وجہ سے شری امرناتھ یاترا کیلئے رجسٹریشن عمل عارضی طور پر معطل

Jammu and Kashmir News : شری امرناتھ جی شرائن بورڈ نے جمعرات کو امرناتھ یاترا -2021 کے اندراج کے عمل کو عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا ۔ بورڈ نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اب تک مجموعی طور پر 30،000 افراد نے اس سال کی شری امرناتھ جی یاترا کے لئے اندراج کیا ہے۔

  • Share this:
جموں و کشمیر : کورونا وائرس کی وجہ سے شری امرناتھ یاترا کیلئے رجسٹریشن عمل عارضی طور پر معطل
جموں و کشمیر : کورونا وائرس کی وجہ سے شری امرناتھ یاترا کیلئے رجسٹریشن عمل عارضی طور پر معطل

جموں و کشمیر: کورونا کی موجودہ وبائی صورتحال نہ صرف عام زندگی پر حاوی ہو رہی ہے ۔ بلکہ مذہبی اعتبار سے اہم ترین شری امرناتھ جی یاترا کے رجسٹریشن عمل پر بھی اس کا اثر پڑا ہے ۔ شری امرناتھ جی شرائن بورڈ نے جمعرات کو امرناتھ یاترا -2021 کے اندراج کے عمل کو عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا ۔ بورڈ نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اب تک مجموعی طور پر 30،000 افراد نے اس سال کی شری امرناتھ جی یاترا  کے لئے اندراج کیا ہے۔ شری امرناتھ جی شرائن بورڈ کے ایڈیشنل سی ای او انوپ کمار سونی کے مطابق بورڈ نے ملک بھر میں کووڈ 19 کی وجہ سے خراب صورتحال کے تناظر میں اندراج کے عمل کو عارضی طور پر معطل کردیا ہے ۔


گزشتہ 22 دنوں میں ملک بھر میں 30،000 افراد نے اس سال یاترا کے لئے اپنا اندراج کیا ہے۔ اندراج کے عمل کا آغاز یکم اپریل کو پنجاب نیشنل بینک ، جموں وکشمیر بینک کی 446 نامزد شاخوں اور 37 ریاستوں اور مرکزی خطوں میں یس بینک کے ذریعہ ہوا۔ بورڈ نے کہا تھا کہ یہ یاترا 28 جون کو شروع ہوگی اور حسب روایت شراون پورنماشی یعنی 22 اگست کو رکشا بندھن کے تہوار کے دن اختتام پذیر ہوگی ۔ اگرچہ موجودہ وبائی صورتحال کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کے تناظر میں بورڈ نے اندراج کے عمل کو عارضی طور پر معطل کردیا ہے ۔ تاہم شرائن بورڈ نے واضح کر دیا ہے کہ جب کبھی بھی صورتحال بہتر ہوگی ، عوام کے مفادات میں فیصلہ اسی کے مطابق کیا جائے گا۔


واضح رہے کہ سرکار نے اس برس کی شری امرناتھ یاترا کیلئے پہلی بار 6 لاکھ یاتریوں کا ہدف رکھا تھا ۔ ہدف کو پورا کرنے کیلئے سرکار اور جموں و کشمیر انتظامیہ نے ہنگامی بنیادوں پر تیاریوں کا آغاز کیا تھا اور اس سال یاتریوں کی سہولیات و سیکورٹی کیلئے غیر معمولی انتظامات کرنے کیلئے انتظامیہ بڑے پیمانے پر تیاریوں میں جٹ گئی تھی۔


اسے قبل جموں و کشمیر کے چیف سکریٹری نے ایک اجلاس کی صدارت کی ، جس کے تحت جموں سرینگر قومی شاہراہ پر یاتریوں کی بنا خلل اور بحفاظت آمد و رفت کو یقینی بنانے کیلئے اعلیٰ معیاری انتظامات کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ یاتریوں کے محفوظ راستہ کو یقینی بنانے کے لئے لکھن پور سے امرناتھ کی پوترا گھپا اور اس کے متبادل راستے میں ہولڈنگ گنجائش ، یاتریوں کی رہائش اور عوامی سہولیات کی مناسب طریقے سے  ہدایت جاری کی گئی تھیں۔

قابل ذکر ہے کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران لگاتار امرناتھ یاترا مختلف وجوہات کی بنا پر اثر انداز ہوئے تھی ۔ گزشتہ سال شری امرناتھ یاترا کو کورونا کی صورتحال کے تناظر میں منسوخ کر دیا گیا تھا ۔ جبکہ 2019 میں بھی دفعہ 370 اور 35 اے کے اختتام سے قبل سیکورٹی وجوہات کی بنا پر یاترا کو اختتام ہونے سے قبل ہی بند کر دیا گیا تھا ۔
Published by: Imtiyaz Saqibe
First published: Apr 22, 2021 10:16 PM IST