ہوم » نیوز » جموں وکشمیر

جموں و کشمیر : ٹنگمرگ میں محکمہ مال کا نائب تحصیلدار 30 ہزار کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار

ٹنگمرگ میں اینٹی کرپشن بیورو نے ایک مصدقہ اطلاع ملنے پر چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے ٹنگمرگ میں تعینات نائب تحصیلدار بشیر احمد حجام کو رشوت ستانی کے معاملہ میں رنگے ہاتھوں گرفتار کیا ہے ۔

  • Share this:
جموں و کشمیر : ٹنگمرگ میں محکمہ مال کا نائب تحصیلدار 30 ہزار کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار
جموں و کشمیر : ٹنگمرگ میں محکمہ مال کا نائب تحصیلدار 30 ہزار کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار

ٹنگمرگ : وادی کشمیر میں رشوت ستانی عروج پر ہے ۔ اس بڑے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے یہاں اب اینٹی کرپشن بیورو کی نظریں چاروں جانب مرکوزہیں ۔ جہاں بھی کسی بھی طرح کی رشوت ستانی کے معاملات سامنے آرہے ہیں وہاں اینٹی کرپشن بیورو کی سخت کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے ۔ ان دنوں آئے روز جگہ جگہ وادی کشمیر میں رشوت ستانی اور دیگر معاملات میں ملوث افراد کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے ۔ ان افراد کو گرفتار کرکے سلاخوں کے پیچھے دھکیلا جارہا ہے ۔


اسی کڑی کے تحت ہفتہ کو ٹنگمرگ میں بھی اینٹی کرپشن بیورو نے ایک مصدقہ اطلاع ملنے پر چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے ٹنگمرگ میں تعینات نائب تحصیلدار بشیر احمد حجام کو رشوت ستانی کے معاملہ میں رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ اے سی بی کو ایک شکایت موصول ہوئی تھی کہ اراضی کو ناجائز طریقے سے منتقل کیا جا چکا ہے ، جس کے کاغذات تیار کرنے پر تیس ہزار روپے بطور رشوت طلب کئے گئے ہیں ۔ شکایت کنندہ نے اینٹی کرپشن بیورو کے پاس شکایت درج کی ۔


شکایت ملنے کے بعد اے سی بی نے مذکورہ نائب تحصیلدار کے خلاف جال بچھا کرانہیں ٹنگمرگ میں ہی تیس ہزار روپے بطور رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا ۔ گرفتاری کے بعد انہیں ٹنگمرگ پولیس اسٹیشن لے جایا گیا ، جہاں کچھ دیرتک پوچھ تاچھ کی گئی اور پھر اے سی بی اس کو اپنے ساتھ لے گئی ۔ بدعنوانی کی روک تھام ایکٹ کے تحت نائب تحصیلدار کے خلاف کیس درج کرلیا گیا ہے ۔ مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں ۔


نیوز 18 اردو کو کچھ لوگوں نے بتایا کہ اس طرح کی رشوت ستانی میں ملوث افراد ، جن میں افسران بھی شامل ہیں ، کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہئے ۔ لوگ چاہتے ہیں کہ کشمیر میں تمام محکمہ جات رشوت ستانی سے صاف و پاک ہوں ۔

 
Published by: Imtiyaz Saqibe
First published: Apr 04, 2021 09:55 AM IST