سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب کو ہونے والے ایک مسلح تصادم میں حزب المجاہدین کے ایک اعلیٰ کمانڈر سمیت تین جنگجو مارے گئے ہیں۔ جموں وکشمیر پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ضلع اننت ناگ کے ژوہرو رانی پورہ میں اتوار کی رات دیر گئے شروع ہونے والا مسلح تصادم تین جنگجوئوں کی ہلاکت پر ختم ہوگیا ہے۔
مہلوک جنگجوؤں کی شناخت صوبہ جموں کے ضلع ڈوڈہ سے تعلق رکھنے والے حزب المجاہدین سے وابستہ کمانڈر مسعود، طارق خان ساکنہ لالچوک اننت ناگ اور ندیم ساکنہ کولگام کے بطور کی گئی ہے۔
پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے مسعود کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ موصوف حزب کمانڈر اب کشمیر میں ہی سرگرم تھا۔ انہوں نے کہا کہ مسعود کی ہلاکت کے ساتھ ضلع ڈوڈہ ایک بار پھر ملی ٹنٹوں کی موجودگی سے صاف ہوا ہے۔ موصوف پولیس سربراہ کا دعویٰ ہے کہ مہلوک جنگجو کمانڈر عصمت دری کے ایک کیس میں ملوث تھا اور تب سے مفرور تھا اور بعد میں اس نے حزب المجاہدین کی صفوں میں شمولیت اختیار کی تھی۔
سری نگر میں قائم فوج کی پندرہویں کور کے ایک ترجمان نے بتایا کہ مسلح تصادم کی جگہ سے ایک اے کے رائفل اور دو پستولیں برآمد کی گئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مشترکہ تلاشی آپریشن جاری ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع اننت ناگ کے ژوہرو رانی پورہ میں جنگجوئوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر اننت ناگ پولیس، فوج کی 19 آر آر اور سی آر پی ایف نے مذکورہ علاقے میں گذشتہ رات دیر گئے کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔
انہوں نے کہا کہ جوں ہی سیکورٹی فورسز کی ایک پارٹی ایک مشتبہ جگہ کو گھیرنے لگی تو وہاں موجود جنگجوئوں نے سیکورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیکورٹی فورسز کی جوابی فائرنگ کے بعد طرفین کے درمیان باضابطہ طور پر تصادم چھڑ گیا جس میں تین جنگجو مارے گئے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مزید تین جنگجوئوں کی ہلاکت کے ساتھ وادی میں رواں برس اب تک مارے جانے والے جنگجوئوں کی تعداد بڑھ کر 116 ہوگئی ہے۔ ان میں مختلف جنگجو تنظیموں کے چھ آپریشنل کمانڈرس بھی شامل ہیں۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔