உங்கள் மாவட்டத்தைத் தேர்வுசெய்க

    سیاحتی مقام گلمرگ میں  ونٹر کارنول کا آغاز، سیاحت سے جڑے لوگ اور سرمائی کھیلوں سے منسلک کھلاڑیوں میں دوڑ گئی خوشی کی لہر

    Youtube Video

    اس سال یہ فیصلہ کیا ہے سرکار نےکہ صرف گلمرگ ہی نہیں بلکہ جو باقی ونٹر مقامات ہیں وہ بھی کھلیں رہیں گے۔ پہلی بار اب سونمرگ کو بھی کھلا رکھا جائے گا۔ اس ونٹر سیزن میں وہاں روڈ کنیکٹوٹی اب ہوچکی ہے۔

    • Share this:
    دنیا بھر میں مشہور شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں محکمہ سیاحت کی جانب سے سیاحت کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے کے لئے ونٹر کارنول کا آغاز کیاگیا ہے۔ گلمرگ میں یہ ونٹرکارنول چوبیس دسمبر سے یکم جنوری دوہزار بائیس تک جاری رہے گا۔ سیکریٹری ٹیورزم جموں وکشمیر سرمد حفیظ اور ڈائریکٹر ٹیورزم ڈاکٹر جی این یتو نے کیک کاٹ کراس ونٹر کارنول کا آغاز کیا۔سیاحوں کو گلمرگ کی جانب راغب کرنے ،سیاحت سے جڑے لوگوں کے روزگار میں اضا فہ کرنے اور سرمائی کھیلوں کے کھلاڑیوں اور فنکاروں کو بہتر پلیٹ فارم فراہم کرنے کےلئے محکمہ سیاحت نے اس جشن کو منظم کیا۔ نیوز18اردو کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے سیکرٹری ٹیورزم سرمد حفیظ نے کہا،" کتنی خوبصورت برف پڑ رہی ہے۔ یہ ہمارے سیزن کا آغاز ہے۔ اس سال یہ فیصلہ کیا ہے سرکار نےکہ صرف گلمرگ ہی نہیں بلکہ جو باقی ونٹر مقامات ہیں وہ بھی کھلیں رہیں گے۔ پہلی بار اب سونمرگ کو بھی کھلا رکھا جائے گا۔ اس ونٹر سیزن میں وہاں روڈ کنیکٹوٹی اب ہوچکی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پہلگام بھی آج کے ڈیٹ میں بہت ہی اچھا ونٹر ٹیورزم چل رہا ہے جو ہمارے باقی مقامات جن میں دودھ پتھری اور ہوس مرگ ہے وہاں بھی ونٹر گیمز منعقد ہونگے۔ سرمد حفیظ نے کہا یہ سیزن کی شروعات ہیں۔ گلمرگ ایک خوبصورت جگہ ہے۔آج کایہ کارنول ایک دعوت نامہ ہے سیاحوں کے لئے،وہ آئیں اس جگہ کا لطف اٹھائیں، یہاں دنیا کے اچھے سنو سلوپس ہیں۔

    ڈائیریکٹر ٹیورزم ڈاکٹر جی این یتو نے نیوز18اردو کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ خوشی کا مقام ہے کہ گلمرگ میں برفباری شروع ہوئی جو گلمرگ کے لئے انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے سیاحوں کو دعوت دی کہ وہ کشمیر آئیں گلمرگ آئیں یہاں کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہوجائیں۔ونٹر کارنول کے ایک حصے کے تحت گلمرگ میں موجود تاریخی گرجا گھر میں کرسمس کا تہوار بڑے عقیدت و احترام سے منایا گیا ۔گلمرگ کے اس گرجا گھر میں منعقدہ کرسمس کی تقریب میں مسیحیت سے تعلق رکھنے والے عقیدت مندوں کے ساتھ ساتھ مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے مقامی لوگوں اور سیاحوں نے شرکت کی ۔تقریب میں پوری دنیا خاص کر وادی کشمیر کے امن و سلامتی اور کویڈ ،امیکرون کے خاتمے کے لئے دعا کی گئی ۔پادریوں نے حضرت عیسیٰ ؑ کی سیرت پر روشنی ڈالی ۔سیاحوں نے گلمرگ میں تاریخی گر جاگھر میں کرسمس کا تہوار منانے پرخوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک یاد گار لمحے سے تعبیر کیا ۔



    گلمرگ میں عیسا ئیوں کا یہ گرجا گھر آپسی یگانگت کی ایک مثال ہے ۔ یہاں ہر مذہب کے لوگ آتے ہیں ۔ اس عبادت گاہ کی نگہداشت برسوں سے مسلمان ہی کر تے آ رہے ہیں۔ یہاں موجود سیاحوں اور دیگر عقیدت مندوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وہ اس مقدس دن پر امن و بھائی چارہ اور آپسی میل ملاپ کی دعا کرتے ہیں ساتھ کورونا وائرس کے خاتمے کی بھی دعا کرتے ہیں۔ گلمرگ میں اس تاریخی گرجا گھر کی دیکھ بھال گزشتہ بیس برسوں سے مسلمان ہی کررہے ہیں ۔ دیکھ بھال کرنے والے محمد یوسف نے نیوز18اردو کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام نے یہ درس دیاہے کہ وہ ہر مذہب کا احترام کریں اور ہر مذہب کی عبادت گاہوں کا تحفظ دیں۔

    اسی فرمان کے مطابق انہوں نے گزشتہ بیس برسوں سے اس گرجا گھر کی حفاظت کی۔گلمرگ میں ونٹر کارنول میں سرمائی کھیلوں کے ساتھ ساتھ مختلف تمدنی و ثقافتی پروگرام منعقد کئے جائیں گے ۔فنکار اپنی صلاحیتیوں کے جادو بکھیر یں گے ۔اس کارنول میں مختلف گیمز ،اسکنگ ،اے ٹی وی بائیک ریس ،سنو بائیکنگ ،آئس اسکیٹنگ ،سٹریٹ فوڈ کے علاوہ گنڈولہ کی بھی سواری کی جائے گی ۔واضح رہے کہ گلمرگ میں رواں برس سیاحوں کی آمد میں خاصا اضافہ ہوا ہے۔امید کی جاسکتی ہے کہ گلمرگ میں ریکارڈ توڑ تعداد میں سیاح آئیں گے ۔

    قومی، بین الاقوامی اور جموں وکشمیر کی تازہ ترین خبروں کےعلاوہ تعلیم و روزگار اور بزنس کی خبروں کے لیے نیوز18 اردو کو ٹویٹر اور فیس بک پر فالو کریں ۔
    Published by:Sana Naeem
    First published: