ہوم » نیوز » جموں وکشمیر

سیاحتی مقام گلمرگ میں کرسمس کی تیاریاں مکمل، ملک بھر سے سیاحوں کی آمد کا سلسلہ جاری

گلمرگ میں 24 دسمبرکو ہی کرسمس کی تقریب منعقد ہوتی ہے۔ گلمرگ میں عیسائیوں کا یہ گرجاگھر فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی ایک مثال بنا ہوا ہے۔

  • Share this:
سیاحتی مقام گلمرگ میں کرسمس کی تیاریاں مکمل، ملک بھر سے سیاحوں کی آمد کا سلسلہ جاری
سیاحتی مقام گلمرگ میں کرسمس کی تیاریاں مکمل، ملک بھر سے سیاحوں کی آمد کا سلسلہ جاری

سری نگر۔ شدید سردی کے درمیان اور برف سے ڈھکی چادرپر سیاحتی مقام گلمرگ میں تاریخی گرجاگھرمیں کرسمس کی شاندارتقریب منعقد ہونےکے سلسلے میں تمام ترتیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ ملک بھرکے سیاح کافی تعداد میں کرسمس کا تہوارمنانےکے لئے گلمرگ پہنچ رہےہیں۔ گلمرگ میں عیسائیوں کی اس مقدس عبادت گاہ کو سجایاگیا ہے۔ اس تہوار میں مقامی لوگ بھی کافی تعداد میں شرکت کرتے ہیں۔ گرجا گھر میں امن وسلامتی کے لئے دعاکرتےہیں۔


واضح رہے کہ گلمرگ میں 24 دسمبرکو ہی کرسمس کی تقریب منعقد ہوتی ہے۔ گلمرگ میں عیسائیوں کا یہ گرجاگھر فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی ایک مثال بنا ہوا ہے۔ یہاں ہرمذہب کے لوگ آتے ہیں۔ اس عبادت گاہ کی خاص بات یہ ہے کہ اس کی نگہداشت برسوں سے  مسلمان ہی کر تے آ رہےہیں۔ ملک کی مختلف ریاستوں سے سیاح مخصوص کرسمس اور نئے سال کی خوشیاں منانےکی غرض سےگلمرگ آئے ہوئے ہیں۔ یہ سیاح گلمرگ کی حسین وادیاں دیکھ کر خوشی سے پھولےنہیں سمائے۔


پنجاب اور حیدرآبادسے پہلی مرتبہ گلمرگ آئے ہوئے کچھ سیاحوں نے نیوز 18اردو کو بتایاکہ انہوں نے کئی ممالک کادورہ کیا لیکن کشمیر اور گلمرگ جیسی خوبصورت جگہ نہیں دیکھی۔ انہوں نے کہاکہ سوئزرلینڈ گلمرگ کے مقابلے میں کچھ بھی نہیں۔ ان سیاحوں نے مزیدکہا کہ وہ کرسمس منانے کی غرض سے کشمیر آئےہیں خاص کر گلمرگ میں تاریخی گرجاگھر کے بارےمیں پڑھا بھی اور سنا بھی ہے اسی لیے وہ یہاں کرسمس منانےکے لیے پہنچے۔


کرسمس کی تقریبات کے سلسلے میں ہرسال لوگوں میں کافی جوش وخروش ہوتاہے۔گلمرگ میں بھی تاریخی گرجاگھرمیں محکمہ سیاحت اس تہوارکےحوالے سےتقریب منعقد کرتا آیا ہے۔ محکمہ سیاحت کے اسسٹنٹ ڈائریکٹرجاوید الرحمٰن نے کہاکہ کرسمس کے تہوارکی تقریب  منعقد کرنےکےسلسلے میں تیاریاں مکمل ہیں۔ ان کاکہنا ہےکہ کرسمس منانےکےلئے سیاحوں کی اچھی خاصی آمدگلمرگ میں ہو رہی ہے ۔کشمیرکے قدیم ترین گرجاگھروں میں  گلمرگ کاگرجاگھربھی شامل ہے ۔گلمرگ میں اس چرچ کو 1902 میں برطانوی حکومت نے تعمیر کیا تھا۔ کشمیرسمیت دنیا بھرمیں مسیحی برادری کرسمس کا تہوار جوش وخروش سے مناتی ہے۔ اس موقع پر ملک کے بیشتر شہروں میں مذہبی تقریبات کا انعقاد اور ملکی ترقی اور خوش حالی کے لیے دعائیں مانگی جاتی ہیں۔
Published by: Nadeem Ahmad
First published: Dec 21, 2020 09:32 AM IST