ہوم » نیوز » جموں وکشمیر

تاریخی مغل روڈ پر واقع پیر کی گلی واقعی جنت نظیر ہے

پیر کی گلی سے گزرنے والے لوگ قدرت کے اس شاہکار کو دیکھ کر دنگ رہ جاتے ہیں۔

  • Share this:
تاریخی مغل روڈ پر واقع پیر کی گلی واقعی جنت نظیر ہے
تاریخی مغل روڈ پر واقع پیر کی گلی واقعی جنت نظیر ہے

ریاست جموں و کشمیر کے جنوبی ضلع شوپیاں کو جموں خطے سے جوڑنے والا تاریخی مغل روڈ واحد راستہ ہے۔ یہ شاہراہ سرینگر - جموں قومی شاہراہ کے بعد ایک واحد شاہراہ ہے جو وادی کشمیر کو ملک کی دیگر ریاستوں سے جوڑتا ہے۔ مغل روڈ یہاں کے سب سے دلکش اور دلفریب شاہراہوں میں سے ایک ہے اور اسی مغل روڈ پر ضلع ہیڈکوارٹر شوپیاں سے تقریباً 40 کلومیٹر دور ایک سیاحتی مقام 'پیر کی گلی' واقع ہے۔


سیاحتی مقام 'پیر کی گلی' میں مغل روڈ پر واقع پیر کی گلی سے گزرنے والے لوگ قدرت کے اس شاہکار کو دیکھ کر دنگ رہ جاتے ہیں۔ لازوال حسن سے مالامال اور صاف و شفاف نہریں، خوبصورت جھرنے، سفید چادر میں ڈھکی برف پوش پہاڑیاں، کَل کَل کرتی ندیاں اور سرسبزو شاداب وادیاں اور بادلوں سے ڈھکے پہاڑ یہاں پر آنے والے سیاحوں کو یہ کہنے پر مجبور کر رہے ہیں کہ '' اگر فردوس بر روئے زمیں است/ہمیں است و ہمیں است و ہمیں است''۔ یعنی اگر واقعی دنیا میں کہیں جنت ہے تو وہ یہیں ہے۔


پیر کی گلی سے لطف اندوز ہونے والے سیاحوں نے بتایا کہ پیر کی گلی واقعی جنت نظیر ہے مگر سیاحوں کے لیے یہاں سہولیات کا فقدان ہے۔ ہر سیاحتی مقام پر مناسب جگہ کا انتخاب کرکے بیت الخلا تعمیر کیے گئے ہیں مگر یہاں اس کا کوئی انتظام نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں اکثر برفباری اور بارش ہوتی رہتی ہے مگر سر چھپانے کے لیے چھت تک نہیں میسر ہے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ یہاں شیڈز کی تعمیر کرائی جائے اور رابطہ بہتر کرنے کے لیے نیٹ ورک کا بھی بہتر نظم کیا جائے۔ہم امید کرتے ہیں کہ محکمہ سیاحت اس دلکش اور دلفریب سیاحتی مقام کی طرف توجہ دے تاکہ ملکی سیاحوں کے ساتھ ساتھ غیر ملکی سیاح بھی کافی تعداد میں یہاں کا رخ کریں اور مقامی لوگوں کے لیے روزگار کے نئے وسائل پیدا ہوں۔


ارشاد احمد ملک کی رپورٹ
Published by: Nadeem Ahmad
First published: Aug 10, 2020 03:51 PM IST
corona virus btn
corona virus btn
Loading