سری نگر: جموں و کشمیر کے کپواڑہ میں پچناڈ ماچھل علاقے کے قریب سکیورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں دو دہشت گرد مارے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی کشمیر میں بڑے دہشت گردانہ حملے کی سازش کی خفیہ اطلاع ملنے پر پٹھانکوٹ سے جموں تک ہائی الرٹ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی علاقے کے تمام ملٹری اسکولوں کو بند کرنے کی ہدایات بھی دی گئی ہیں۔
گزشتہ کچھ دنوں میں پٹھانکوٹ سے متصل ہندوستان پاکستان سرحد پر 3 مشتبہ افراد کو دیکھا گیا تھا۔ جب بی ایس ایف نے روکا تو وہ فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔ دریں اثنا، خفیہ ایجنسیوں نے اطلاع دی ہے کہ دہشت گرد 5 مئی کو یا اس سے پہلے جموں و کشمیر میں بڑے حملے کی تیاری کر رہے ہیں۔ انٹیلی جنس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق دہشت گرد پلوامہ حملے کی طرح سکیورٹی فورسز یا اس کے اداروں کے قافلے کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔
اس کے پیش نظر پٹھانکوٹ سے جموں تک ہائی الرٹ کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہاں آرمی کینٹ کے اندر واقع سینک اسکولوں کو احتیاطی تدابیر کے طور پر ایک دن کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
اس دوران پورے جموں خطہ میں سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ لوگوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے نیشنل ہائی وے پر پولیس، ایس او جی آرمی اور نیم فوجی دستوں کو تعینات کیا گیا ہے۔
سب سے پہلے پڑھیں نیوز18اردوپر اردو خبریں، اردو میں بریکینگ نیوز ۔ آج کی تازہ خبر، لائیو نیوز اپ ڈیٹ، پڑھیں سب سے بھروسہ مند اردو نیوز،نیوز18 اردو ڈاٹ کام پر ، جانیئے اپنی ریاست ملک وبیرون ملک اور بالخصوص مشرقی وسطیٰ ،انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس، بزنس، ہیلتھ، تعلیم وروزگار سے متعلق تمام تفصیلات۔ نیوز18 اردو کو ٹویٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام ،یو ٹیوب ، ڈیلی ہنٹ ، شیئر چاٹ اور کوایپ پر فالو کریں ۔